ناف کے اترنے یا چڑھنے سے کیا مراد ہے؟ اس تکلیف دہ مرض سے نجات کے گھریلو حل
ہر انسان کے پیٹ پر ایک سوراخ موجود ہوتا ہے جس کو ناف کہا جاتا ہے حقیقی معنوں میں ناف درحقیقت ایک زخم کا نشان ہوتا ہے جو کہ پیدائش کے فوراً بعد پیدا ہونے والے بچے کو اس کی ماں کے جسم سے الگ کرتے ہوئے دیا جاتا ہے- جب بچہ ماں کے جسم میں موجود ہوتا ہے تو وہ ایک نالی کے ذریعے ماں کے جسم سے جڑا ہوتا ہے اور اسی نالی کے ذریعے اس کو تمام تر غذائيت مل رہی ہوتی ہے اس نالی کو پیدا ہونے کے وقت جسم سے علیحدہ کیا جانا ضروری ہوتا ہے اور یہ نشان ساری زندگی انسان کے ساتھ رہتا ہے۔ ماہرین کے مطابق ناف کی جگہ پر جسم کے ہر حصے تک پہنچنے والے نسوں کا ایک جال بچھا ہوتا ہے-
ناف کے اترنے اور چڑھنے سے کیا مراد ہے
ایلو پیتھک میں ناف کے اترنے اور چڑھنے کے حوالے سے کسی قسم کی شہادت موجود نہیں ہے- مگر طب یونانی کے مطابق ناف کچھ خاص حالات میں اپنی جگہ چھوڑ دیتی ہے اور بعض اوقات اوپر یا نیچے کی جانب چلی جاتی ہے- چونکہ ناف نسوں کا ایک مجموعہ ہے اس لیے اس کی جگہ بدلنے کے سبب انسانی جسم کے کچھ حصوں پر اس کے براہ راست اثرات مرتب ہوتے ہیں-
ناف کے اترنے کی یا چڑھنے کی وجوہات
طب یونانی کے مطابق زیادہ بھاری وزن کو غلط انداز میں اٹھانے کے سبب پیٹ پر اور کمر پر دباؤ پڑتا ہے جس کے سبب ناف اپنی جگہ سے ٹل جاتی ہے اور یہ اوپر یا نیچے کی جانب چلی جاتی ہے-
ناف کے ٹلنے کی علامات
ناف کے ٹلنے کی علامات مختلف افراد میں مختلف ہو سکتی ہیں اس کی ایک علامت پیٹ میں شدید درد ہونا ہے اس کے ساتھ ساتھ بعض افراد کو درد کے ساتھ دست بھی ہو سکتے ہیں بھوک کا نہ لگنا ٹانگوں اور پنڈلیوں میں شدید درد اور کھنچاؤ بھی اس کی ہی ایک علامت ہے-
ناف کو چیک کرنے کا طریقہ
صبح نہار منہ ناشتہ کرنے سے پہلے پیٹ کے ناف کے مقام پر اپنا انگوٹھا رکھ کر ہاتھ سے دباؤ ڈالیں اگر وہاں پر پھڑکتی ہوئی کسی چیز کی موجودگی محسوس ہو تو اس کا مطلب ہے کہ ناف اپنی جگہ پر موجود ہے اور اگر ایسا محسوس نہ ہو تو ناف اپنی جگہ ہل چکی ہے-
نہار منہ کسی بھی ہموار زمین پر سیدھے لیٹ جائیں اور دونوں پیروں کے انگوٹھوں کو غور سے دیکھیں اگر وہ ایک سطح پر نہ ہوں اوپر نیچے ہوں تو اس سے بھی ثابت ہوتا ہے کہ ناف اپنی جگہ سے ہل چکی ہے-
ناف کو دوبارہ اپنی جگہ پر لانے کے ٹوٹکے
ناف کو دوبارہ اپنی جگہ لانےکے لیے ایلوپیتھک میں کسی بھی قسم کی دوا موجود نہیں ہےمگر کچھ سینہ بہ سینہ چلنے والے ٹوٹکے ایسے ہیں جو کہ اس بیماری کا نہ صرف علاج ثابت ہوتے ہیں بلکہ اس کے باعث ہونے والی تکلیفوں کا بھی خاتمہ کرتے ہیں -
1: ایک چمچ چائے کی پتی کو باریک پیس لیں اور اس کو ایک گلاس سادہ پانی میں مکس کر کے پی لیں اس کے دو تین دن تک کے استعمال سے ناف اپنی جگہ پر واپس آجاتی ہے-
2: یہ عمل ایک ورزش ہے اور اس کو کرنے کے لیے معدے کا خالی ہونا ضروری ہے ورنہ اس کے مثبت نتائج حاصل نہیں ہو سکتے ہیں۔ اس میں زمین پر بیٹھ جائیں اور دونوں ٹانگوں کو سامنے کی جانب پھیلا دیں اور اس کے بعد دائیں ہاتھ سے دائين پیر کے انگوٹھے کو اور بائیں ہاتھ سے بائیں پیر کے انگوٹھے کو پکڑنے کی کوشش کریں- ابتدا میں یہ دشوار محسوس ہو گا مگر بار بار کرنے سے یہ آسان ہو جائے گا اس عمل کو چھ سے سات بار دہرائیں انشااللہ ایک دو دن میں افاقہ ہو جائے گا-
زمرے
صحت و تندرستی