قوت حافظہ سے متعلق وظیفہ


 قوت حافظہ سے متعلق وظیفہ


سوال: میراذہن ماشاءاللہ اچھا ہے،لیکن جب مدرسے میں ٹیسٹ یاپیپر کے ٹائم ہوتے ہیں،اور جو سوال یاد کرتی ہوں، اس میں گڑبڑ کردیتی ہوں یا غلط لکھ دیتی ہوں، جس کی وجہ سے نمبر کم آتے ہیں یا جو میں نے پڑھا ہوتا ہے وہ بھول جاتی ہوں،کوئی وظیفہ بتائیں۔

جواب: حافظہ کی تیزی میں زیادہ کردار اوراد و وظائف کے بجائے گناہوں سے اجتناب اور یک سوئی کا ہوتا ہے، گناہوں سے حافظہ کم زور ہوتا ہے، امام شافعی رحمہ اللہ فرماتے ہیں کہ میں نے اپنے استاذ ’’وکیع‘‘ (رحمہ اللہ) سے اپنے حافظہ کے خراب (کم زور)  ہونے کی شکایت کی تو انہوں (وکیع) نے مجھے گناہوں سے بچنے کی نصیحت کی۔دوسری چیز جس کا اہتمام کرنے کی ضرورت ہے وہ یک سوئی ہے، تعلیم کے دوران ایسی کوئی بھی مشغولیت جو توجہ کو تقسیم یا منتشر کردے وہ حفظ کے لیے نقصان دہ ہے، خصوصاً موبائل وغیرہ کا بے جا استعمال۔ 

حافظہ کی تقویت اور  خاص طور پر حفظِ قرآن میں سہولت کے لیے ایک عمل حدیث کی کتابوں میں ملتا ہے، جو نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے حضرت علی رضی اللہ عنہ کو بتایا تھا، اس عمل سے جہاں قرآنِ کریم کے حفظ میں سہولت ہوگی وہیں اس سے معلوم ہوتاہے کہ یہ حافظے کی تقویت کا سبب بھی ہے۔ 

حضرت علی رضی اللہ عنہ نے نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم سے عرض کیا کہ یا رسول اللہ! میرے ماں باپ آپ پر قربان! میں قرآن یاد کرتا ہوں لیکن وہ میرے سینے سے نکل جاتا ہے، محفوظ نہیں رہتا، آپ ﷺ  نے فرمایا کہ تو میں تجھے ایسی ترکیب بتاؤں جو تجھے بھی نفع دے اور جسے تو بتائے اسے بھی نفع دے اور جو کچھ تو سیکھے  وہ محفوظ رہے؟ حضرت علی رضی اللہ عنہ کے دریافت فرمانے پر آپ ﷺ  نے فرمایا کہ شبِ جمعہ میں آخری تہائی رات میں اٹھ سکے تو بہت اچھا ہے کہ یہ فرشتوں کے اترنے کا وقت ہوتا ہے اور اس وقت دعاخاص طور پر قبول ہوتی ہے،اس وقت جاگنا مشکل ہو تو آدھی رات میں اور یہ بھی نہ ہوسکے تو رات کے شروع میں ہی کھڑا ہو اورچار رکعت نمازِ نفل پڑھ ،  پہلی رکعت میں سورہ فاتحہ کے بعد سورہ یسین، دوسری رکعت میں سورہ فاتحہ کے بعد سورہ دخان، تیسری رکعت میں سورہ فاتحہ کے بعد سورہ الم سجدہ اور چوتھی رکعت میں سورہ فاتحہ کے بعد سورہ ملک پڑھ اور چوتھی رکعت کی التحیات سے فارغ ہونے کے بعد اللہ تعالی کی حمدوثنا اورمجھ پر درود وسلام بھیج، تمام انبیاء علیہم السلام پربھی درود بھیج اوراس کے بعد تمام مؤمنین اور تمام مرحوم مسلمانوں کے لیے استغفار کر اور پھر درجِ ذیل دعا مانگ:

"اَللّٰهُمَّ ارْحَمْنِيْ بِتَرْكِ الْمَعَاْصِيْ أَبَدًا مَا أَبْقَیْتَنِيْ، وَارْحَمْنِيْ أَنْ أَتَكَلَّفَ مَاْ لاَیَعْنِیْنِيْ، وَارْزُقْنِيْ حُسْنَ النَّظَرِ فِیْمَاْ یُرْضِیْكَ عَنِّيْ، اَللّٰهُمَّ بَدِیْعَ السَّمَاوَاتِ وَالْأَرْضِ ذَاْالْجَلَاْلِ وَالْإِكْرَامِ وَالْعِزَّةِ الَّتِيْ لَاتُرَاْمُ أَسْأَلُكَ یَا اَللّٰهُ  یَا رَحْمٰنُ بِجَلَاْلِكَ وَنُوْرِ وَجْهِكَ أَنْ تُلْزِمَ قَلْبِيْ حِفْظَ كِتَاْبِكَ كَمَا عَلَّمْتَنِيْ، وَارْزُقْنِيْ أَنْ أَقْرَأَهُ عَلَى النَّحْوِ الَّذِيْ یُرْضِیْكَ عَنِّيْ، اَللّٰهُمَّ بَدِیْعَ السَّمَاوَاتِ وَالْاَرْضِ ذَا الْجَلَاْلِ وَالْإِكْرَامِ وَالْعِزَّةِ الَّتِيْ لَا تُرَامُ أَسْأَلُكَ یَا اَللّٰهُ یَا رَحْمٰنُ بِجَلَاْلِكَ وَنُوْرِ وَجْهِكَ أَنْ تُنَوِّرَ بِکِتَاْبِكَ بَصَرِيْ، وَأَنْ تُطْلِقَ بِهِ لِسَاْنِيْ، وَأَنْ تُفَرِّجَ بِهِ عَنْ قَلْبِيْ، وَأَنْ تَشْرَحَ بِهِ صَدْرِيْ، وَأَنْ تَغْسِلَ بِهِ بَدَنِيْ؛ فَإِنَّهُ لَایُعِیْنُنِيْ عَلَى الْحَقِّ غَیْرُكَ، وَلَایُؤْتِیْهِ إِلَّا أَنْتَ، وَلَا حَوْلَ وَلَا قُوَّةَ إِلَّا بِاللّٰهِ الْعَلِيِّ الْعَظِیْمِ".

 پھر حضور صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ اے علی! اس عمل کو تین جمعہ یا پانچ جمعہ یا سات جمعہ کر،ان شاء اللہ دعا ضرور قبول ہوگی۔(سنن ترمذی ومستدرک حاکم) 

یہ عمل حضرت مولانا زکریا صاحب رحمہ اللہ نے اپنے رسالےفضائلِ قرآن کے آخر میں بھی ذکر کیا ہے۔اگر حافظ نہ ہونے کی بنا پر اس عمل کا کرنا مشکل ہو تو ہر نماز کے بعد گیارہ بار  درج ذیل آیات پڑھیں:

’’رَبِّ اشْرَحْ لِيْ صَدْرِيْ وَیَسِّرْ لِيْ أَمْرِيْ وَاحْلُلْ عُقْدَةً مِّنْ لِّسَانِيْ یَفْقَهُوْا قَوْلِيْ‘‘.

نیزہر فرض نماز کے بعد دایاں ہاتھ پیشانی پر رکھ کر گیارہ مرتبہ "یَاقَوِيُّ"پڑھیں،اس سے بھی حافظہ قوی ہوتا ہے۔

ہمارے اکابر سےذہانت کی تقویت کے اسباب سے متعلق یہ بھی منقول ہے کہ نہار منہ کشمش اور بادام کااستعمال حافظہ کے لیے مفید ہے، مسواک کا پنج گانہ نماز سے پہلے وضو میں استعمال اور کثرتِ تلاوتِ قرآن مجید  و استغفار سے باطن روشن ہوتا ہے، جو قوتِ حافظہ کا باعث ہے۔حصولِ علم میں مسلسل محنت ، بلاعذر ناغہ نہ کرنا قوتِ حافظہ کے لیے اچھے اعمال ہیں۔فقط واللہ اعلم

فتوی نمبر : 144510101716
دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن

Mian Muhammad Shahid Sharif

Accounting & Finance, Blogging, Coder & Developer, Administration & Management, Stores & Warehouse Management, an IT Professional.

ایک تبصرہ شائع کریں

جدید تر اس سے پرانی