اجنبی خاتون کے دل میں اپنی توجہ ڈالنے کا وظیفہ


 اجنبی خاتون کے دل میں اپنی توجہ ڈالنے کا وظیفہ


سوال: میں ایک لڑکی سے بہت پیار کرتا ہوں، لیکن مجھے نہیں لگتا وہ مجھ  سے محبت کرتی ہو، ابھی کچھ دنوں سے بات بھی نہیں کر رہی کوئی ایسا وظیفہ بتائیں جس سے اس کے دل میں میری محبت پیدا ہو جائے۔

جواب: لڑکے اور لڑکی کا پیار اور محبت کے نام سے رشتہ قائم کرنا اور اس رشتہ کی بنا  پر بات چیت کرنا یا ملاقات کرنا  شرعاً واخلاقاً جائز نہیں ہے، ایسے لڑکے اور لڑکی کو چاہیے کہ اپنے اس گناہ پر صدقِ دل سے توبہ واستغفار کریں ، اور اگر چاہیں تو دونوں نکاح کے ذریعے ایک جائز رشتہ قائم کرسکتے ہیں،ورنہ مکمل لاتعلق رہیں، اور اس گناہ کے کام میں کسی اور کو مبتلاء کرنے کی تمنا کرنا اور اس کے لئے باقاعدہ وظیفہ تلاش کرنا گناہ پر گناہ ہے، اس لئے اس سے اجتناب کرنا چاہیے، البتہ محبت کے نام سے مذکورہ غیر شرعی تعلق ختم کرنے کے لئے درجِ ذیل وظیفہ پر عمل کیا جاسکتا ہے:

سب سے پہلے  اس گناہ کے  اسباب مثلاً  غلط خیالات ،بری صحبت  ، بدنظری وغیرہ سے مکمل اجتناب کرنا چاہیے اور یہ خیال بار بار اپنے ذہن میں  لائیں کہ اللہ تعالی مجھے ہر حال میں دیکھ رہے ہیں ،  اس کے ساتھ ساتھ کسی اللہ والے کی صحبت اختیار کیجیے، نیز  کثرت  کے ساتھ   درجِ ذیل سید الاستغفار پڑھتے رہیں: 

"اللَّهُمَّ أنْتَ ربِّى لَا إِلَهَ إِلَّا أَنْتَ، خلَقْتَنِى وَأنَا عَبْدُكَ، وَأنَا عَلَى عَهْدِك وَوَعْدِكَ مَا اسْتَطَعْتُ، أعُوذُ بكَ مِنْ شَرِّ مَا صَنَعْتُ وَأبُوءُ لَكَ بنِعْمَتِكَ عَلىَّ، وَأعْتَرِفُ بدنُوبِى فَاغْفِرْ لى ذُنُوبى، إنَّهُ لا يَغفرُ الذنوب إِلَّا أنْتَ."

ترجمہ: اے اللہ تو ہی میرا رب ہے ، تیرے علاوہ کوئی عبادت کے لائق نہیں،تو نے مجھے پیدا کیا اور میں تیرا بندہ ہوں اور تیرے عہد اور وعدے پر قائم ہوں جس قدرطاقت رکھتا ہوں،میں نے جو کچھ کیا اس کے شر سے تیری پناہ چاہتا ہوں،اپنے آپ پر تیری نعمت کا اقرار کرتا ہوں اور اپنے گناہوں کا اعتراف کرتا ہوں،پس مجھے بخش دے کیوں کہ تیرے علاوہ کوئی گناہوں کو نہیں بخش سکتا،"

(جمع الجوامع، الہمزۃ مع الواو، ج:3، ص:294، ط:جمہوریہ مصر)

فقط اللہ اعلم

فتوی نمبر : 144511101188
دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن

Mian Muhammad Shahid Sharif

Accounting & Finance, Blogging, Coder & Developer, Administration & Management, Stores & Warehouse Management, an IT Professional.

ایک تبصرہ شائع کریں

جدید تر اس سے پرانی