نیک رشتے کے لیے وظیفہ
سوال: رشتہ صالحہ کے لیے کوئی دعابتا دیں۔
جواب: رشتے کے سلسلے میں دین داری اور اخلاق کو ترجیح دینی چاہیے، دنیاوی اعتبار سے طرزِ زندگی کی بہتری کے ساتھ دینی ترقی اور اعمال پر استقامت اور آسانی جس رشتے میں ہو اس کی دعا کرنی چاہیے۔صدقِ دل سے نمازوں کے بعداورتہجد و غروب کے وقت دعا مانگیں، اور صلاۃ الحاجات کا اہتمام کریں۔ نیز نمازِعشاء کے بعد اول وآخر گیارہ گیارہ مرتبہ درود شریف اوردرمیان میں گیارہ سومرتبہ ’’یاَلَطِیْفُ‘‘ پڑھ کراللہ تعالیٰ سے دعاکریں۔(آپ کے مسائل اور ان کا حل،4/251،مکتبہ لدھیانوی)
یا ۔۔۔۔۔ { رَبِّ إِنِّي لِمَاأَنزَلْتَ إِلَيَّ مِنْ خَيْرٍ فَقِيرٌ} کا کثرت سے ورد کریں۔
یا ۔۔۔ نمازِ عشاء کے بعد اول و آخر گیارہ گیارہ مرتبہ درود شریف اور درمیان میں 41 مرتبہ درج ذیل کلمات پڑھ کر دعا کیجیے:
’’وَمَنْ یَّـتَّقِ اللهَ یَجْعَلْ لَّه‘ مَخْرَجًا وًَیَرْزُقْهُ مِنْ حَیْثُ لَایَحْتَسِبْ وَمَنْ یَّـتَوَکَّلْ عَلَی اللهِ فَهُوَ حَسْبُه“۔
اور صبح و شام ایک ایک مرتبہ سورہ واقعہ اور سورہ طارق روزانہ اس مقصد کے لیے پڑھنا بھی مجرب ہے۔
یا ۔۔۔ فجر کی نماز کے بعد اس آیت مبارکہ کو 100دفعہ (اول وآخر درود شریف کے ساتھ) پڑھیں:
(إِنَّمَا أَمْرُهُ إِذَا أَرَادَ شَيْئًا أَنْ يَقُولَ لَهُ كُنْ فَيَكُونُ)۔
اسی طرح روزانہ ’’حسبنا اللہ و نعم الوکیل‘‘ پانچ سو مرتبہ (اول ـ آخر گیارہ مرتبہ درودشریف کے ساتھ) پڑھنا بھی اس مقصد کیلئے مجرب ہے۔
ان اعمال کا اہتمام فرمائیں ، ان شاء اللہ اچھے اور پائیدار رشتے میسر ہوں گے۔
فقط واللہ اعلم
فتوی نمبر : 144603102966
دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن