ان کے پاس جنگ کے سوا کوئی چارہ نہ رہا


 ⲯ🌹﹍︿🕌﹍︿﹍🕋 درسِ قرآن 🕋﹍ⲯ﹍🌹ⲯ🌹﹍︿🕌﹍☼


 سورہ الانفال آیت نمبر 42
بِسمِ اللّٰہِ الرَّحمٰنِ الرَّحِیمِ
شروع اللہ کے نام سے جو سب پر مہربان ہے، بہت مہربان ہے

اِذۡ اَنۡتُمۡ بِالۡعُدۡوَۃِ الدُّنۡیَا وَ ہُمۡ  بِالۡعُدۡوَۃِ الۡقُصۡوٰی وَ الرَّکۡبُ اَسۡفَلَ  مِنۡکُمۡ ؕ وَ لَوۡ  تَوَاعَدۡتُّمۡ  لَاخۡتَلَفۡتُمۡ  فِی الۡمِیۡعٰدِ ۙ وَ لٰکِنۡ لِّیَقۡضِیَ اللّٰہُ اَمۡرًا کَانَ مَفۡعُوۡلًا ۬ۙ لِّیَہۡلِکَ مَنۡ ہَلَکَ عَنۡۢ بَیِّنَۃٍ وَّ یَحۡیٰی مَنۡ حَیَّ عَنۡۢ  بَیِّنَۃٍ ؕ وَ اِنَّ اللّٰہَ  لَسَمِیۡعٌ  عَلِیۡمٌ ﴿ۙ۴۲﴾

ترجمہ: وہ وقت یاد کرو جب تم لوگ وادی کے قریب والے کنارے پر تھے اور وہ لوگ دور والے کنارے پر، اور قافلہ تم سے نیچے کی طرف۔ (٢٨) اور اگر تم پہلے سے (لڑائی کا) وقت آپس میں طے کرتے تو وقت طے کرنے میں تمہارے درمیان ضرور اختلاف ہوجاتا، لیکن یہ واقعہ (کہ پہلے سے طے کیے بغیر لشکر ٹکرا گئے) اس لیے ہوا کہ جو کام ہو کر رہنا تھا، اللہ اسے پورا کر دکھائے، تاکہ جسے برباد ہونا ہو، وہ واضح دلیل دیکھ کر برباد ہو، اور جسے زندہ رہنا ہو وہ واضح دلیل دیکھ کر زندہ رہے، (٢٩) اور اللہ ہر بات سننے والا، ہر چیز جاننے والا ہے۔

تفسیر: 28: یہ میدان جنگ کا نقشہ بتایا جارہا ہے بدر ایک ودای کا نام ہے اس کا کنارہ جو مدینہ منورہ سے قریب تر ہے اس پر مسلمانوں کا لشکر فروکش تھا، جو کنارہ مدینہ منورہ سے نسبۃ دور ہے اس پر کفار کا لشکر تھا اور قافلے سے مراد ابوسفیان کا قافلہ ہے جو اس وادی کے نیچے کی جانب ساحل سمندر کی طرف بچ کر نکل گیا تھا، تفصیل اس سورت کے شروع میں بیان ہوچکی ہے۔ 29: مَفْعُوْلًا : مطلب یہ ہے کہ اللہ تعالیٰ نے اسباب ایسے پیدا فرمادیئے کہ کفار مکہ سے باقاعدہ جنگ ٹھن گئی، ورنہ اگر دونوں فریق پہلے سے جنگ کے لئے کوئی وقت طے کرنا چاہتے تو اختلاف ہوجاتا، مسلمان چونکہ بےسروسامان تھے اس لئے باقاعدہ جنگ سے کتراتے اور مشرکین کے دلوں پر بھی آنحضرت (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) کی ہیبت تھی اس لئے وہ بھی خواہش کے باوجود جنگ کو ٹلانا چاہتے ؛ لیکن جب انہیں اپنا تجارتی قافلہ خطرے میں نظر آیا تو ان کے پاس جنگ کے سوا کوئی چارہ نہ رہا اور مسلمانوں کے سامنے جب لشکر آہی گیا تو وہ بھی لڑنے پر مجبور ہوگئے، اللہ تعالیٰ فرما رہے ہیں کہ یہ اسباب ہم نے اس لئے پیدا کئے کہ ایک مرتبہ فیصلہ کن معرکہ ہوجائے اور اللہ تعالیٰ کی عطا فرمائی ہوئی فتح ونصرت سے آنحضرت (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) کی حقانیت کھل کر سامنے آجائے، اس کے بعد بھی اگر کوئی شخص کفر کرکے بربادی کا راستہ اختیار کرے تو اللہ تعالیٰ کی طرف سے دلیل کے واضح ہونے کے بعد اختیار کرے، اور جو شخص اسلام لاکر باعزت زندگی اختیار کرے وہ بھی اس واضح دلیل کی روشنی میں کرے۔

Mian Muhammad Shahid Sharif

Accounting & Finance, Blogging, Coder & Developer, Administration & Management, Stores & Warehouse Management, an IT Professional.

ایک تبصرہ شائع کریں

جدید تر اس سے پرانی