ملازمت کے حصول میں پریشانی کا ہونا
سوال: میرے عزیز ملازمت کے لیے بہت پریشان ہیں ، کئی جگہ انٹرویو دے چکے ،ان کا کام بھی چیک کرکے تعریف کرتے ہیں مگر جاب آفر نہیں کرتے ۔
جواب: آپ اپنے دوست کو تسلی دیجیے کہ اللہ تعالیٰ کی ذات سے مایوس نہ ہوں،انہیں چاہیے کہ وہ پنج وقتہ نمازوں کو ان کے اوقات میں باجماعت ادا کرنے کا اہتمام کریں، استغفار کی کثرت کریں، فجر اور مغرب کے بعد ایک ایک مرتبہ سورہ واقعہ اور سورہ طارق پڑھیں۔
اور فجر کی نماز کے بعد اشراق سے پہلے ستر مرتبہ پابندی سے یہ آیت پڑھا کریں، ان شاءاللہ رزق کی تنگی سے محفوظ رہیں گے:
{ اَللَّهُ لَطِيفٌ بِعِبَادِهِ يَرْزُقُ مَن يَشَاء وَهُوَ الْقَوِيُّ العَزِيزُ} ( الشوری: ۱۹)
2۔ نیز ہر نماز کے بعد سات مرتبہ اور چلتے پھرتے درج ذیل دعا کا اہتمام کریں:
"أَللّهمَّ اكْفِنِيْ بِحَلاَلِكَ عَنْ حَرَامِكَ وَ أَغْنِنِيْ بِفَضْلِكَ عَنْ مَنْ سِوَاكَ."
اور جب بھی وضو کیا کریں دورانِ وضو درج ذیل دعا کا اہتمام کیا کریں:
"أللهُمَّ اغْفِرْلِيْ ذَنْبِيْ وَ وَسِّعْ لِيْ فِيْ دَارِيْ وَ بَارِكْ لِيْ فِيْ رِزْقِيْ."
اللہ تبارک وتعالیٰ نےجو روزی جہاں اور جتنی مقدر کی ہوگی ان شاء اللہ انہیں ضرور ملے گی۔
باقی اس مقصد کے لیے استخارہ یا کوئی حساب نہیں کیا جاتا ہے۔
فقط واللہ اعلم
فتوی نمبر : 144603103056
دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن