گھر کے حصول اور پیشہ کی تبدیلی کا وظیفہ
سوال: میرے شوہر دوسرے شہر میں ملازمت کرتے ہیں،اور میں وہاں ان کے ساتھ رہنا چا ہتی ہوں، ہمیں اپنا گھر نہیں مل رہا گورنمنٹ کی طرف سے، آپ مہربانی فرکر وظیفہ بتا دیں کے ہمیں گھر مل جائے ۔
میرے شوہر اپنی فیلڈتبدیل کرنا چاہتے ہیں، اس کے لیے بھی وظیفہ بتا دیں۔
جواب: واضح رہے انسان کو جو نعمتیں اللہ تعالی کی جانب سے حاصل ہے ان تمام نعمتوں پر شکر ادا کرنے کی عادت اپنانی چاہیے، اس لیے کہ شکر کرنے سے نعمتیں مزید بڑھ تی ہیں۔
اپنے گھر کے حصول کے لیے دورانِ وضو اور ہر فرض نماز کے بعد تین مرتبہ اس دعا کا اہتمام کریں:
" اَللّٰهُمَّ اغْفِرْلِيْ ذَنْبِيْ وَ وَسِّعْ لِيْ فِيْ دَارِيْ وَبَارِكْ لِيْ فِيْ رِزْقِيْ"۔
اس کے علاوہ فجر اور مغرب کی نماز کے بعد سورہ واقعہ اور سورہ طارق پڑھنے کا اہتمام کریں۔ اور قبولیتِ دعا کے اوقات (مثلاً: تہجد کے وقت، مغرب کی اذانوں کے وقت، ہر اذان اور نماز کے درمیان، ہر فرض نماز کے بعد وغیرہ وغیرہ) میں اللہ تعالیٰ سے اپنے گھر کے لیے دعا بھی کرتے رہیں۔
نیز آپ کے شوہر فیلڈ تبدیل کرنا چاہتے ہیں تو ان کو چاہیے کہ وہ پانچ وقت نماز کا اہتمام کریں، استغفار کی کثرت اور ہر نماز کے بعد سات مرتبہ اور چلتے پھرتے درج ذیل دعا کا اہتمام کریں:
"أَللّهمَّ اكْفِنِيْ بِحَلاَلِكَ عَنْ حَرَامِكَ وَ أَغْنِنِيْ بِفَضْلِكَ عَنْ مَنْ سِوَاكَ"
التیسیر شرح جامع الصغیرمیں ہے:
"(اللهم اغفر لي ذنبي) أي ما لا يليق أو إن وقع (ووسع لي في داري) محل سكني في الدنيا لأن ضيق مرافق الدار يضيق الصدر ويجلب الهم ويشغل البال ويغم الروح أو المراد القبر فإنه الدار الحقيقية (وبارك لي في رزقي) اجعله مباركا محفوفا بالخير ووفقني للرضا بالمقسوم منه وعدم الالتفات لغيره."
(حرف الهمزة،209/1، ط:مكتبة الإمام الشافعي - الرياض)
سنن ترمذی میں ہے:
"حدثنا عبد الله بن عبد الرحمن، قال: أخبرنا يحيى بن حسان، قال: حدثنا أبو معاوية ، عن عبد الرحمن بن إسحاق ، عن سيار ، عن أبي وائل، عن علي «أن مكاتبا جاءه، فقال: إني قد عجزت عن مكاتبتي فأعني، قال: ألا أعلمك كلمات علمنيهن رسول الله صلى الله عليه وسلم؟ لو كان عليك مثل جبل صير» دينا أداه الله عنك، قال: قل اللهم اكفني بحلالك عن حرامك، وأغنني بفضلك عمن سواك."
(أبواب الدعوات، باب،526/5، ط:دار الغرب الإسلامي - بيروت)
فقط واللہ اعلم
فتوی نمبر : 144604100417
دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن