پریشانی اور مصیبت میں کرنے والے اعمال
سوال: سوال یہ ہے کہ گھر سےمسلسل چوری ہوتی ہے اور کچھ پتہ نہیں چلتا کہ چور کون ہے؟ ایک دفعہ صندوق سے پیسےنکلے ، جب کہ صندوق پہلے کی طرح تالےسے بند گھر کے باورچی خانہ میں رکھاتھا، لیکن پیسےنہیں تھے، اس کے بعد خزانہ سے بھی پیسے نکلے اور خزانہ بھی پہلے کی طرح کمرے میں موجود تھا، ہم نے جگہ تبدیل کردی اور کسی دوسری جگہ پر بارہ ہزار روپے رکھ دیے، اس میں بھی دوہزار روپے نہیں تھے، جب کہ الماری بندتھی، اس کی کیا وجوہات ہوسکتی ہیں؟
جواب: واضح رہے کہ اللہ تعالی نے دنیا کو دار الاسباب بنایا ہے اور اس میں پیش آنے والے نتائج کو اسباب کے ساتھ جوڑا ہے، لہذا سائل کو چاہیے کہ اپنی اس پریشانی کے حل کے لیے بھی اسباب اختیار کرے، چناں چہ اپنامال کسی ایسی محفوظ جگہ پر رکھے جہاں سے کسی قسم کی چوری کا اندیشہ نہ ہو اور کسی اور کو اس کا علم بھی نہ، اس کے ساتھ ساتھ گہری نگرانی کا انتظام بھی کرے، مضبوط تالا لگائے چابیاں محفظ مقام پر رکھے، اور صبح شام کی دعاؤوں کا اہتمام بھی کرے، کیوں کہ ہر مصیبت اور پریشانی کاحل اللہ تعالی کی طرف رجوع کرنا ہے، باقی اگر پڑھنا ہے تو درج ذیل امور کا اہتمام کریں:
1- استغفارکی کثرت کریں۔
2- حسبِ توفیق صدقہ دیا کیجیے، کیوں کہ حدیث شریف میں ہے کہ صدقہ بلاؤں کو ٹالتا ہے۔
3- مندرجہ ذیل تسبیح صبح اورشام سات سات مرتبہ پڑھیں :
’’حَسْبِىَ اللَّهُ لاَ إِلَهَ إِلاَّ هُوَ عَلَيْهِ تَوَكَّلْتُ وَهُوَ رَبُّ الْعَرْشِ الْعَظِيمِ‘‘.
حدیث شریف میں ہے کہ جوآدمی صبح اورشام سات سات مرتبہ یہ دعا پڑھے گااللہ تعالیٰ اس کی تمام مشکلات کو حل فرمائیں گے۔ (سنن ابی داود، ج:4، ص:321)
4- اسی طرح اگر کوئی شخص کسی مصیبت یا پریشانی میں پڑگیا ہے اور کسی طرح وہ مصیبت دور ہی نہیں ہوتی تو اس کے لیے ایک مجرب عمل یہ ہے کہ:
نماز فجر پڑھ کر قرآن کریم کی تلاوت اور ذکر میں مشغول رہے، یہاں تک کہ آفتاب بلند ہوجائے پھر دو رکعت نفل اشراق پڑھ کر اس کے بعد سورہ توبہ کی آخری دو آیتیں گیارہ بار پڑھے:
"لَقَدْ جَآءَكُمْ رَسُوْلٌ مِّن اَنفُسِکُم عَزِیزٌ عَلَیْهِ مَاعَنِتُّمْ حَرِیْصٌ عَلَیْکُمْ بِالْمُؤْمِنِیْنَ رَءُوْفٌ رَّحِیْمُْ o فَاِنْ تَوَلَّوْا فَقُلْ حَسْبِیَ اللّٰهُ لَآ اِلٰهَ اِلَّاْ هُوعَلَیْهِ تَوَكَّلْتُ وَهُوَ رَبُّ العَرْشِ الْعَظِیْمِ"
پھر سر بسجود ہو کر حق تعالیٰ سے امن و عافیت طلب کیجیے، ان شاء اللہ چند روز میں آپ کی مصیبت،پریشانی دور ہوجائے گی اور دل کو اطمینان حاصل ہوگا، اور حاجت براری بھی نصیب ہوگی اور اللہ تعالیٰ سے امید ہے کہ تمام مسائل حل فرما دیں گے۔
فقط واللہ أعلم
فتوی نمبر : 144601100819
دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن