انکارِ حدیث کی جدید شکلیں اور خفیہ چالیں


گذشتہ ادوار میں احادیث کے بالکلیہ اور واضح انکار کی تین شکلیں معروف تھیں کہ منکرینِ حدیث:
▪️ یا تو یہ کہتے کہ احادیث کا وجود ہے ہی نہیں، یہ ساری روایات تو بعد میں گھڑی گئی ہیں۔
▪️ یا کبھی کہتے ہیں کہ احادیث کا وجود تو ہے لیکن وہ صحابہ کے لیے حجت اور دلیل تھیں، ہمارے لیے نہیں، بلکہ ہمارے لیے قرآن ہی کافی ہے۔
▪️یا کبھی کہتے ہیں کہ احادیث کا وجود بھی ہے اور وہ حجت بھی ہیں لیکن مسئلہ یہ ہے کہ احادیث ہم تک ٹھوس اور معتبر ذرائع سے نہیں پہنچیں، اس لیے ہم موجودہ روایات کو تسلیم نہیں کرسکتے۔
لیکن موجودہ دور میں کئی منکرینِ حدیث کو چونکہ احادیث کے بالکلیہ اور واضح انکار کی ہمت نہیں ہوتی کہ ایک تو ایسا نظریہ عوام میں مقبول نہیں ہوتا، دوسرا یہ کہ مسلمانوں کی جانب سے شدید مخالفت کا خدشہ بھی پیشِ نظر ہوتا ہے، اس لیے اب وہ انکارِ حدیث کی خفیہ چالیں چلتے ہیں، یوں وہ خوشنما الفاظ، دلفریب جملوں، مغالطہ انگیز نعروں اور پُر فریب اسلوب کا سہارا لے کر ڈھکے چھپے انداز میں احادیث کا انکار کرتے اور ذخیرۂ احادیث کو مشکوک قرار دیتے نظر آتے ہیں، خصوصًا ان احادیث کا تو واضح انکار کر دیتے ہیں جو ان کے نظریات کے خلاف ہوں۔ ایسے منکرینِ حدیث کی اس خفیہ انکارِ حدیث کی معروف شکلیں اور چالیں یہ ہیں کہ:
▪️کبھی کہتے ہیں کہ یہ یہ احادیث قرآن کے خلاف ہیں۔ 
▪️کبھی کہتے ہیں کہ یہ یہ حدیث عقل کے خلاف ہے۔
▪️ کبھی کہتے ہیں کہ یہ احادیث خبر واحد ہیں جو کہ حجت نہیں۔
▪️کبھی کہتے ہیں کہ فلاں فلاں حدیث نبوت کی شان کے خلاف ہے۔
▪️کبھی کہتے ہیں کہ یہ یہ حدیث راوی نے گھڑی ہے۔
▪️کبھی کہتے ہیں کہ ایسی حدیث کی وجہ سے انگریز، عیسائی اور یہودی وغیرہ ہم پر ہنستے ہیں۔
▪️کبھی کہتے ہیں کہ ایسی احادیث کی وجہ سے غیر مسلم اسلام سے دور ہورہے ہیں۔
▪️کبھی کہتے ہیں کہ ان احادیث کی وجہ سے نوجوان ملحد ہورہے ہیں۔
▪️ کبھی کہتے ہیں کہ یہ حدیث مولویوں نے گھڑی ہے۔
▪️کبھی کہتے ہیں کہ اس حدیث کی وجہ سے امت میں انتشار پیدا ہوا ہے۔
▪️ کبھی کہتے ہیں کہ یہ احادیث شرم وحیا کے خلاف ہیں۔
▪️کبھی احادیث کے جلیل القدر مرکزی راویوں کے خلاف پروپیگنڈہ کرکے یہ ثابت کرنے کی کوشش کرتے ہیں کہ ایسے ناقابلِ اعتبار لوگوں نے احادیث گھڑی ہیں۔
▪️کبھی صحاحِ ستہ اور ان کے جلیل القدر مصفین کے خلاف زہر اگلتے ہیں تاکہ ان کی اہمیت کم کی جاسکے۔
▪️کبھی حدیث کا مذاق اڑاتے ہیں۔
حالانکہ ایسی تمام احادیث ثابت، صحیح اور معتبر ہوتی ہیں۔

الغرض ایسے مختلف طریقوں سے احادیث کی اہمیت کم کرنے، احادیث کو غلط ثابت کرنے، ذخیرۂ احادیث کو مشکوک بنانے اور معتبر راویوں کو بے وقعت ثابت کرنے کی ناکام ترین کوششیں کرکے احادیث کا انکار کرتے نظر ہیں، لیکن کبھی کبھار مطلب کی احادیث ذکر کرکے مغالطہ دیتے دکھائی دیتے ہیں تاکہ لوگ انھیں منکرِ حدیث نہ سمجھیں۔ اور ان کی تمام تر کوششوں کا حاصل عوام کو احادیث کے انکار پر آمادہ کرنا ہی ہوتا ہے، یہی وجہ ہے کہ ان کی پیروی کرنے والے سادہ لوح عوام احادیث سے متعلق بہت ہی سنگین نظریہ اور رویہ رکھتے دکھائی دیتے ہیں۔ سو ایسی خفیہ چال چلنے والے منکرینِ حدیث کو پہچانیے اور ان سے دور رہیے۔

📚 *حدیث کی حجیت، کتابت، تدوین اور فتنۂ انکارِ حدیث سے متعلق مفید کتب:* 
حدیث کی حجیت، کتابت، تدوین اور فتنۂ انکارِ حدیث کو تفصیل سے سمجھنے کے لیے درج ذیل کتب کا مطالعہ فرمائیں:
▪️ حجیتِ حدیث از استاذ محترم شیخ الاسلام حضرت مولانا مفتی محمد تقی عثمانی صاحب دام ظلہم۔
▪️ حجیتِ حدیث از شیخ التفسیر حضرت اقدس مولانا ادریس کاندھلوی صاحب رحمہ اللّٰہ۔
▪️ نصرۃ الحدیث از حضرت محدث مولانا حبیب الرحمٰن اعظمی صاحب رحمہ اللّٰہ۔
▪️ فتنہ انکارِ حدیث از مفتی اعظم پاکستان حضرت مفتی ولی حسن ٹونکی صاحب رحمہ اللّٰہ۔
▪️ فتنہ انکارِ حدیث اور اس کا پسِ منظر از حضرت اقدس مولانا مفتی عاشق الہٰی بلند شہری صاحب رحمہ اللّٰہ۔
▪️ انکارِ حدیث کے نتائج از حضرت اقدس مولانا یوسف لدھیانوی صاحب شہید رحمہ اللّٰہ۔
▪️ شوقِ حدیث از حضرت اقدس علامہ مولانا سرفراز خان صفدر صاحب رحمہ اللّٰہ۔
▪️ انکارِ حدیث کے نتائج از حضرت اقدس علامہ مولانا سرفراز خان صفدر صاحب رحمہ اللّٰہ۔
▪️ غلام احمد پرویز: شخصیت اور کردار از حضرت مولانا خلیق ساجد صاحب زید مجدہم۔
▪️ سنت کا مقام اور فتنہ انکارِ حدیث از استاذ محترم مفتی اعظم پاکستان حضرت مفتی رفیع عثمانی صاحب رحمہ اللّٰہ۔
▪️ کتابتِ حدیث عہدِ رسالت اور عہدِ صحابہؓ میں از استاذ محترم حضرت مفتی اعظم پاکستان مفتی رفیع عثمانی صاحب رحمہ اللّٰہ۔
▪️ کتابت وتدوینِ حدیث صحابہ کرام رضی اللّٰہ عنہم کے قلم سے از استاذ محترم حضرت مولانا ڈاکٹر ساجد الرحمٰن صدیقی صاحب رحمہ اللّٰہ۔
▪️ تدوینِ حدیث از حضرت علامہ محقق سید مناظر احسن گیلانی صاحب رحمہ اللّٰہ۔
▪️ تاریخِ تدوینِ حدیث از حضرت اقدس محقق علامہ عبد الرشید نعمانی صاحب رحمہ اللّٰہ۔

✍️۔۔۔ بندہ مبین الرحمٰن

محلہ بلال مسجد نیو حاجی کیمپ سلطان آباد کراچی 

Mian Muhammad Shahid Sharif

Accounting & Finance, Blogging, Coder & Developer, Administration & Management, Stores & Warehouse Management, an IT Professional.

ایک تبصرہ شائع کریں

جدید تر اس سے پرانی