سنگ مرمر یا ٹائل وغیرہ میں جاندار کی تصویر ہونے کا وہم
📿 سنگ مرمر یا ٹائل وغیرہ میں جاندار کی تصویر ہونے کی حقیقت:
1️⃣ کسی پتھر، سنگ مرمر یا ٹائل وغیرہ میں کسی جاندار کی تصویر یا شبیہ نظر آنے کی صورت میں اس کے تصویر ہونے یا نہ ہونے کا اصولی حکم یہ ہے کہ اس کے تصویر ہونے یا نہ ہونے کا دار ومدار اس بات پر ہے کہ اگر کسی خالی ذہن شخص کو پہلی ہی نظر میں وہ جاندار کی تصویر ہی دکھائی دے اور اس کے چہرے کے خد وخال بھی واضح ہوں تو وہ تصویر کہلائے گی، لیکن اگر اس کو پہلی نظر میں وہاں تصویر دکھائی نہ دے بلکہ لکیریں وغیرہ جوڑنے اور ملانے کے بعد ہی وہ تصویر جیسی بنتی دکھائی دے جیسا کہ عام طور پر ہوتا ہے تو اس کا کوئی اعتبار نہیں ہوگا اور نہ ہی وہ تصویر کہلائے گی بلکہ یہ محض وہم ہوگا جس کا کوئی اعتبار نہیں، کیونکہ انسانی ذہن جب کسی چیز کے بارے میں جیسا تصور کرلے تو وہ چیز انسان کو اسی طرح ہی دکھائی دینے لگتی ہے حالانکہ حقیقت میں وہ ایسی نہیں ہوتی۔
نیز وہمی مزاج لوگوں کے ایسے بے بنیاد دعوے کی تردید کے لیے ٹائل اور سنگِ مرر وغیرہ میں جاندار کی تصویر نہ ہونے کی ایک دلیل یہ بھی دی جاسکتی ہے کہ ٹائل اور سنگ مرمر وغیرہ کے لگے ایک عرصہ ہوگیا ہوتا ہے تو اگر واقعی یہ تصویر ہوتی تو ابتدا ہی میں کئی لوگوں کو پہلی ہی نظر میں دکھائی دے دیتی کیونکہ یہ کوئی ایسی چیز نہیں ہے کہ جو مخفی رہ جائے، لیکن ایک عرصہ گزر جانے کے بعد بعض حضرات کا اپنے وہم کی بنیاد پر ان میں جاندار کی تصویر ہونے کا دعوی کرنا اس بات کی واضح دلیل ہے کہ یہ تصویر نہیں ہے بلکہ ان کے وہمی ذہن کی کارستانی ہے جو انھوں نے لکیریں وغیرہ جوڑ کر بنا رکھی ہے۔
2️⃣ اس سے یہ بھی معلوم ہوا کہ جن وہمی مزاج لوگوں کو ہر جگہ جاندار کی تصویر ڈھونڈنے اور بنانے کی عادت ہوتی ہے پھر جگہ جگہ اس کی تشہیر بھی کرتے ہیں اور لوگوں کو اپنا ہم خیال بنانے کی کوشش بھی کرتے ہیں تو ان کا یہ مزاج ہرگز درست نہیں بلکہ قابلِ اصلاح ہے کیونکہ یہ وہم ہی کی ایک قسم ہے جس کا حقیقت کے ساتھ کوئی تعلق نہیں، بلکہ اس کی وجہ سے فتنے بھی جنم لیتے ہیں۔ ایسے حضرات کو چاہیے کہ وہ اس معاملے میں ضد کا مظاہرہ نہ کریں بلکہ علماء کرام اور مفتیان عظام کی بات پر اعتماد کرتے ہوئے اپنی بات سے رجوع کریں اور مسجد وغیرہ میں فتنے اور انتشار کا ذریعہ نہ بنیں۔
☀️ الاشباہ والنظائر لابن نجیم میں ہے:
الْقَاعِدَةُ الثَّالِثَةُ: الْيَقِينُ لَا يَزُولُ بِالشَّكِّ.
✍🏼۔۔۔ مفتی مبین الرحمٰن صاحب مدظلہم
فاضل جامعہ دار العلوم کراچی
محلہ بلال مسجد نیو حاجی کیمپ سلطان آباد کراچی