🕋اپنا قبلہ درست کیجیے!🕋




🕋 مئی کی 27 اور 28 تاریخ جبکہ جولائی کی 16 تاریخ کو قبلہ کی سمت درست کرنے کا بہترین موقع 

🌻 اپنا قبلہ درست کیجیے!

📿 مئی کی 27 اور 28 تاریخ کو قبلہ کی سمت درست کرنے کا طریقہ!

مئی کی 27 اور 28 تاریخ کی دوپہر کو اِستواء یعنی زوال کے وقت سورج بیت اللہ کے عین اوپر سے گزرتا ہے، اس لیے اس وقت دنیا بھر میں گھروں، دفاتر اور مساجد سمیت ہر مقام کا قبلہ آسانی کے ساتھ معلوم کیا جاسکتا ہے۔ پاکستانی وقت کے مطابق دوپہر 2 بجکر 17 منٹ پر یہ موقع میسر آئے گا۔ اس لیے مذکورہ وقت سے پہلے ہی زمین پر ایک لکڑی وغیرہ نصب کی جائے، مذکورہ وقت یعنی 2 بجکر 17 منٹ پر اس لکڑی کے سایہ پر ایک خط یعنی لکیر کھینچ دی جائے، بس وہی لکیر قبلہ کی جس جانب ہوگی وہی قبلہ کی درست سمت ہوگی۔

❄ چند ضروری وضاحتیں:

⓵ مئی کی 27 اور 28 تاریخ کو جب سورج کعبہ کے عین اوپر سے گزر رہا ہوگا تو اس وقت مکہ مکرمہ میں دوپہر کے 12 بجکر 17 منٹ ہورہے ہوں گے، اس لیے ہر ملک کے باشندے مکہ مکرمہ سے وقت کے فرق کو ملحوظ رکھتے ہوئے حساب لگا کر اپنے ملک کے وقت کے مطابق قبلہ کی درست سمت معلوم کرسکتے ہیں۔ واضح رہے کہ 16 جولائی کو بھی پاکستانی وقت کے مطابق 2 بجکر 26 منٹ پر سورج بیت اللہ کے عین اوپر سے گزرتا ہے اس لیے اس تاریخ کو بھی قبلہ کی درست سمت معلوم کی جاسکتی ہے۔ اس کی تفصیلات فلکیات کی کتب میں دیکھی جاسکتی ہے۔

⓶ماقبل میں قبلہ معلوم کرنے کا جو طریقہ ذکر ہوچکا یہ ایک آسان طریقہ ہے جو کہ ایک عام آدمی کے لیے بہت ہی سہولت کا باعث ہے، اس لیے جو حضرات گھروں، دفاتر، تعلیمی اداروں اور دیگر مقامات میں اندازے سے قبلہ رخ ہوکر نماز ادا کرتے ہیں ان کے لیے یہ بہت ہی سنہری موقع ہے کہ وہ مئی کی 27 اور 28 تاریخ جبکہ جولائی کی 16 تاریخ کو آسانی کے ساتھ اپنا قبلہ درست کرسکتے ہیں۔

⓷ چوں کہ آجکل قبلہ درست کرنے اور معلوم کرنے کے متعدد آلات اور اسباب بھی موجود ہیں، اس لیے اگر کسی نے ان آلات اور اسباب کی مدد سے قبلہ کی درست سمت معلوم کرلی ہو تو یہ بھی کافی ہے۔

⓸ چوں کہ مکہ مکرمہ کے علاوہ دیگر ممالک کا قبلہ جہتِ کعبہ ہے کہ جس طرف کعبہ ہے اسی طرف رخ کریں، جس کی رو سے نمازی کے دائیں اور بائیں 45، 45 ڈگری تک قبلہ رخ شمار ہوگا، اس لیے اگر کوئی نمازی کا کعبے کی سیدھ سے 45 ڈگری تک دائیں یا بائیں جانب رخ پِھر بھی جائے تب بھی وہ قبلہ رخ ہی شمار ہوگا۔ اس لیے اگر مذکورہ تاریخوں کو سورج کے ذریعے قبلہ معلوم کرنے کے نتیجے میں کسی مسجد کے قبلے کی سمت میں معمولی فرق آرہا ہو تو اس میں انتشار اور تنازع پیدا کرنے سے گریز کرنا چاہیے کیوں کہ ماقبل کی تفصیل سے معلوم ہوچکا ہے کہ 45 ڈگری تک نماز قبلہ رخ ہی شمار ہوتی ہے۔ (جواہر الفقہ، احسن الفتاوی)

⓹ زیرِ نظر تحریر میں قبلہ سے متعلق تفصیلی مسائل بیان کرنے مقصود نہیں، بلکہ صرف قبلہ معلوم کرنے کا طریقہ اور چند اہم وضاحتیں ذکر کرنا مقصود ہیں تاکہ اس اہم موقع سے ہر مسلمان فائدہ اٹھا سکیں۔

✍🏻۔۔۔ مفتی مبین الرحمٰن صاحب مدظلہ
فاضل جامعہ دارالعلوم کراچی

Mian Muhammad Shahid Sharif

Accounting & Finance, Blogging, Coder & Developer, Administration & Management, Stores & Warehouse Management, an IT Professional.

ایک تبصرہ شائع کریں

جدید تر اس سے پرانی