کیا آپ کو معلوم ہے؟
“چچا چھکن” ایک ناقابل فراموش مزاحیہ کردار ہے جو ہمارے اجتماعی شعور کا حصہ بن چکا ہے۔ اس اہم کردار کے خالق سید امتیاز علی تاج ہیں۔ ہوا یوں کہ انگریز مصنف جیروم کے جیروم کے ناول “Three Men In A Boat” میں ایک مقام پر ''انکل پوڈگر'' کے تصویر ٹانکنے کا تذکرہ ظریفانہ انداز میں ہے۔ ۱۹۲۶ میں ''نیرنگ خیال'' کے مدیر نے امتیاز علی تاج سے فرمائش کی کہ وہ ان کے عید نمبر کے لئے اس منظر کا ترجمہ اردو میں کریں. امتیاز علی تاج نے بجائے ترجمہ کرنے کے انگریزی منظر سامنے رکھ کر اسے از سر نو اردو میں لکھ ڈالا، اور انکل پوڈگر کو اردو میں ''چچا چھکن'' کے نام سے موسوم کیا۔ اردو والوں کو یہ مضمون نیا اور دلچسپ معلوم ہوا، چنانچہ اسی قسم کے دوسرے مضامین لکھنے کی فرمائش ہونے لگی۔ اس طرح ''چچا چھکن'' کے مرکزی کردار کو سامنے رکھ کر تقریباً دس مضامین وجود میں آ گئے، جن میں چچا چھکن کی اندرون خانہ زندگی کے بعض پہلوؤں کا پر مزاح تذکرہ ہے۔ خیال رہے کہ اسی کردار کو سامنے رکھ کر پچھلے دنوں دانش اقبال صاحب نے ایک بہترین مزاحیہ ڈرامہ ''چچا چھکن'' ترتیب دیا جو کامیابی سے کئی بار اسٹیج کیا گیا۔