جمعہ کے دن عصر کے بعد مخصوص درود والی مشہور روایت


جمعہ کے دن عصر کے بعد مخصوص درود والی مشہور روایت کے ثابت نہ ہونے سے متعلق کچھ عرصہ قبل متعدد پوسٹیں کیں، سو افادۂ عام کی غرض سے انھیں یکجا اپلوڈ کیا جارہا ہے تاکہ فائدہ ہو اور کچھ غلط فہمیوں کا ازالہ ہو۔ ترتیب وار ملاحظہ فرمائیں:

 جمعہ کے دن عصر کی نماز کے بعد اپنی جگہ بیٹھے بیٹھے درود ’’ *اللهم صل على محمد النبي الأمي وعلى آله وسلم تسليما* ‘‘ پڑھنے سے اَسّی سال کے گناہ معاف ہونے اور اَسّی سال کی عبادت کا ثواب لکھے جانے کی روایت ’’القول البدیع‘‘ کے حوالے سے مشہور ہے، اس بارے میں تحقیق کے بعد ایک عرصے سے بندہ کی یہی رائے ہے کہ یہ مشہور *روایت ثابت نہیں* !

 بعض لوگ کہتے ہیں کہ لوگ ویسے بھی درود نہیں پڑھتے، اس لیے اگر وہ جمعہ کے عصر کے بعد وہ مخصوص درود پڑھ لیا کریں تو غنیمت ہے۔ ارے بھئی! درود شریف کی ترغیب کے لیے آپ کو غیر ثابت روایات کا سہارا کیوں لینا پڑ رہا ہے؟ کیا ثابت شدہ معتبر روایات موجود نہیں؟ ان کی بنیاد پر ترغیب کیوں نہیں دیتے؟؟ اور یہ کیسا عشقِ رسالت ہے کہ آپ کو درود پڑھنے کے لیے معتبر روایات کی بجائے غیر ثابت روایات بنیاد بنانی پڑتی ہیں! کیا یہ شریعت کا تقاضا ہوسکتا ہے؟؟

 بعض حضرات کا کہنا ہے کہ مجھے جمعہ کے دن عصر کے بعد مخصوص درود والی مشہور روایت کے ثابت نہ ہونے سے متعلق اپنی رائے پر بے جا اصرار ہے۔ ارے بھئی! بے جا اصرار تب ہوتا جب بندہ کے پاس کوئی دلیل نہ ہوتی، لیکن جو رائے تحقیق کے نتیجے میں قائم کی ہے اس کو کس بنیاد پر ترک کردوں؟؟ بندہ کا یہ مطالبہ برقرار ہے کہ کتبِ احادیث سے اس مشہور روایت کا ثبوت اور اس کی سند پیش کی جائے! جو حضرات اسے ثابت مانتے ہیں وہ اس مطالبے کو پورا کیوں نہیں کررہے؟؟

 ایک سوال یہ بھی ہے کہ جب جمعہ کے دن درود شریف کی فضیلت اور اہتمام صحیح احادیث سے ثابت ہے، جس کے لیے کوئی خاص درود، تعداد اور وقت بھی لازم اور مخصوص نہیں، تو پھر جمعہ کے دن عصر کے بعد اپنی جگہ سے اٹھنے سے پہلے اسّی مرتبہ اُس مخصوص درود پر اتنا اصرار اور زور کیوں؟ اس کی اتنی ترغیب کیوں؟ جمعہ کے دن درود کے لیے صرف یہ کیوں یاد آجاتا ہے؟ حالانکہ اس کی کوئی سند بھی تو موجود نہیں!

✍️۔۔۔ بندہ مبین الرحمٰن
محلہ بلال مسجد نیو حاجی کیمپ سلطان آباد کراچی

Mian Muhammad Shahid Sharif

Accounting & Finance, Blogging, Coder & Developer, Graphic Designer, Administration & Management, Stores & Warehouse Management, an IT Professional.

ایک تبصرہ شائع کریں

جدید تر اس سے پرانی