🗡️🛡️⚔*شمشیرِ بے نیام*⚔️🛡️🗡️
🗡️ تذکرہ: حضرت خالد ابن ولید رضی اللہ تعالیٰ عنہ 🗡️
✍🏻تحریر: عنایت اللّٰہ التمش
🌈 ترتیب و پیشکش : *میاں شاہد* : آئی ٹی درسگاہ کمیونٹی
قسط نمبر *27* ۔۔۔۔
ان لوگوں میں وہ بھی تھے جنہوں نے اسلام قبول کر لیا تھا لیکن مسیلمہ جیسے شعبدے باز نے انہیں گمراہ کیا اور اسلام کے راستے سے ہٹا لیا تھا۔انہوں نے مسیلمہ کی نبوت کو مسلمانوں کے ہاتھوں بے نقاب ہوتے دیکھا اور مسیلمہ کی جنگی قوت کو مسلمانوں کی قلیل نفری کی بے جگری کے آگے ریزہ ریزہ ہوتے دیکھا تھااور وہ محسوس کر رہے تھے کہ سچا عقیدہ اور نظریہ اسلام ہی ہے۔جو جھوٹ کی طاقتوں کو کچل دیتا ہے اور وہ غیبی طاقت جو سچے کو جھوٹے پر حق کو باطل پر فتح دیتی ہے وہ اسلام میں مضمر ہے ۔چنانچہ یہ لوگ خالدؓ کی فوج میں شامل ہونے لگے ۔یہ خالدؓ کے مجاہدین کی کوششوں کا حاصل تھا۔یمامہ میں شور اٹھا ۔کچھ لوگ دوڑتے ہوئے بستی سے باہر چلے گئے۔عورتیں چھتوں پر جا چڑھیں،افق سے گرد کی گھٹائیں اٹھ رہی تھیں اوریمامہ کی طرف بڑھ رہی تھیں۔’’آندھی آ رہی ہے۔‘‘’’لشکر ہے ……کسی کا لشکر آ رہا ہے۔‘‘’’ہوشیار……خبردار……تیار ہوجاؤ۔‘‘خالدؓ ایک قلعہ نما مکان پر جا چڑھے۔یہ آندھی نہیں۔کسی کی فوج تھی۔مرتدین کے سوا اور کس کی فوج ہو سکتی تھی؟خالدؓ کو افسوس ہونے لگا کہ کس برے وقت انہوں نے اپنی فوج سے کہا تھا کہ جو گھروں کو جانا چاہتے ہیں چلے جائیں۔گرد کے جو بادل اٹھتے نظر آ رہے تھے یہ بہت بڑے لشکر کی گرد تھی۔خالدؓ کے پاس صرف دو ہزار نفری تھی یا وہ نفری تھی جو ابھی ابھی فوج میں شامل ہوئی تھی۔اس پر بھی بھروسہ نہیں کیا جا سکتا تھا۔لیکن اور ہو بھی کیا سکتا تھا۔یمامہ کی آبادی تھی۔اس میں لڑنے والے آدمی موجود تھے۔لیکن یہ خطرہ بھی موجود تھا کہ یہ لوگ دشمن سے مل جائیں گے،اور یہ خطرہ بھی کہ یہ پیٹھ پر وار کریں گے۔’’مجاہدینِ اسلام!‘‘خالد ؓنے قلعہ نما مکان کی چھت سے للکار کر کہا۔’’بہت بڑے امتحان کا وقت آ گیا ہے۔اﷲ کے سوا تمہارا مددگار کوئی نہیں۔‘‘خالد چپ ہو گئے کیونکہ انہیں دفوں اور ڈھولوں کی دھمک سنائی دینے لگی تھی۔حملہ آور دف بجاتے نہیں آیا کرتے۔دھمک بلند ہوتی جا رہی تھی۔خالدؓ نے اُدھر دیکھا۔گرد بہت قریب آ گئی تھی،اور اس میں چھپے ہوئے اونٹ اور گھوڑے نظر آنے لگے تھے۔گرد کے دبیز پردے میں آنے والا لشکر نعرے لگانے لگا۔’’اسلام کے پاسبانو!‘‘خالد ؓنے اوپر سے چلا کر کہا۔’’اﷲ کی مدد آ رہی ہے۔آگے بڑھو، استقبال کرو، دیکھو! یہ کون ہیں؟‘‘خالدؓ دوڑتے نیچے اترے ۔اپنے گھوڑے پر کود کر سوار ہوئے اور گھوڑے کو ایڑ لگا کر بستی سے نکل گئے۔آنے والا لشکر بستی سے کچھ دور رک گیااور دو گھوڑ سوار آگے بڑھے ۔خالدؓ ان تک پہنچے اور گھوڑے سے اترے۔وہ دونوں سوار بھی اتر آئے۔وہ مضر اور ربیعہ قبائل کے سردار تھے۔
’’مدینہ سے اطلاع آئی تھی کہ تمہیں مدد کی ضرورت ہے۔‘‘ایک سردار نے کہا۔’’میں چار ہزار آدمی ساتھ لایا ہوں۔ان میں شتر سوار بھی ہیں،گھوڑ سوار بھی ہیں اور پیادے بھی۔‘‘’’اور چار ہزار کی تعداد میرے قبیلے کی ہے۔‘‘دوسرے سردارنے کہا۔خالدؓ نے فرطِ مسرت سے دونوں کو اپنے بازوؤں میں لے لیااور خوشی سے کانپتی ہوئی آواز میں بولے۔’’اﷲ کی قسم!اﷲ نے مجھے کبھی مایوس نہیں کیا۔‘‘خالدؓ کے پاس اب دس ہزار نفری کا لشکر جمع ہو گیا تھا۔انہوں نے مضر اور ربیعہ کے سرداروں کو اچھی طرح سمجھا دیا کہ انہیں کہاں جانا ہے اور دشمن کتنا طاقتور ہے۔’’ہم تمہاری مدد کو آئے ہیں ولید کے بیٹے!‘‘ایک سردار نے کہا۔’’ہماری منزل وہی ہے جوتمہاری ہے۔‘‘’’مدینہ سے ہمیں اطلاع ملی ہے کہ امیرِلشکر تم ہو۔‘‘دوسرے سردار نے کہا۔’’جہاں کہو گے چلیں گے۔دشمن جیسا بھی ہو گا لڑیں گے۔‘‘خالدؓ نے ایرانی سلطنت کے ایک حاکم ہرمزکے نام پیغام لکھوایا۔اس وقت عراق ایران کی شہنشاہی کا ایک صوبہ تھا۔اس کا حاکم یا امیر ہرمز تھا۔جس کی حیثیت آج کل کے گورنر جیسی تھی۔اس کا ذکر پیچھے آ چکا ہے۔وہ بڑا ہی بد طینت ،جھوٹا اور فریب کار تھا۔ کمینگی میں اس کا نام ضرب المثل کے طور پر استعمال ہوتا تھا۔خالدؓ نے اس کے نام خط میں لکھوایا:’’تم اسلام قبول کرلو گے تو تمہارے لیے امن ہو گا۔اگر نہیں تواپنا علاقہ سلطنت ِ اسلامیہ میں شامل کر دو۔اس کے حاکم تم ہی رہو گے اور مدینہ کی خلافت کو جزیہ ادا کرتے رہو گے۔اس کے عوض تمہاری اورتمہارے لوگوں کی سلامتی اور دفاع کے ذمہ دار ہم ہوں گے۔اگر یہ بھی منظور نہیں تو اپنی سلامتی کے ذمہ دار تم خود ہو گے۔ اﷲ ہی جانتا ہے کہ تمہارا انجام کیا ہوگا۔فتح و شکست اﷲ کے اختیار میں ہے لیکن میں تمہیں خبردار کرنا اپنا فرض سمجھتا ہوں کہ ہم وہ قوم ہیں جو موت کی اتنی ہی عاشق ہے جتنی کہ تمہیں زندگی عزیز ہے۔میں نے اﷲ کا پیغام تم تک پہنچا دیا ہے۔‘‘خالدؓ نے یہ خط ایک ایلچی کو دے کر کہا کہ وہ دو محافظ اپنے ساتھ لے جائے اور جس قدر تیز جا سکتا ہے ،یہ پیغام ہرمز تک پہنچائے اور جواب لائے۔’’تمہاری واپسی تک میں یمامہ میں نہیں ہوں گا۔‘‘خالدؓ نے ایلچی سے کہا۔’’مجھے عراق کی سرحد پر کہیں ڈھونڈ لینا۔اُبلہ کو یاد رکھنا۔وہاں سے تمہیں پتا چل جائے گا کہ میں کہاں ہوں۔‘‘ایلچی کی روانگی کے فوراً بعدخالد ؓنے دس ہزار کے لشکر کو کوچ کا حکم دے دیا۔خالدؓ کو پتا نہیں تھا کہ اﷲ کی ابھی اور مدد اس کی منتظر ہے۔امیرالمومنین ابو بکرؓ نے شمال مشرقی عرب کے علاقوں میں آباد تین قبیلوں کے سرداروں مذعور بن عدی،ہرملہ اور سُلمہ، کو پیغام بھیجے تھے کہ اپنے اپنے قبیلے کے زیادہ سے زیادہ ایسے آدمی مثنیٰ بن حارثہ کے پاس لے جائیں جنہیں جنگ کا تجربہ ہو اور جو پیٹھ دکھانے والے نہ ہوں۔انہیں یہ بھی لکھا گیا تھا کہ خالد ؓاپنی فوج لے کر آ رہا ہے اور وہ ان کا اور اپنے لشکر کا سالارِ اعلیٰ ہوگا۔
ابلہ اور دیگر ایسے علاقوں میں جہاں عربی مسلمان ایرانیوں کے محکوم تھے،صورتِ حال کچھ اور ہی ہو چکی تھی۔پہلے مثنیٰ بن حارثہ نے ان بستیوں کے چند ایک جوشیلے جوانوں کو ایرانیوں کی فوجی چوکیوں اور فوجی قافلوں پر شبخون مارنے کیلئے اپنے ساتھ رکھا ہوا تھا۔لیکن اب اس محکوم آبادی میں سے ایک فوج تیار کرنی تھی۔کچھ فوج تو ا س نے اپنے قبیلے بکر بن وائل سے تیار کر لی تھی،جو مدینہ کے ایک سالار علاء بن حضرمی کے دوش بدوش عراق کی سرحد کے علاقوں میں مرتدین کے خلاف لڑی بھی تھی۔مثنیٰ نے ایرانیوں کے محکوم مسلمانوں کو اطلاع بھیج دی تھی کہ جس قدر جوان آدمی وہاں سے نکل کر باہر آسکیں ،آ جائیں۔ مسلمانوں کا وہاں سے نکلنا خطرے سے خالی نہیں تھا۔کیونکہ زرتشتوں کی فوج مسلمانوں کی بستیوں پر کڑی نظر رکھتی تھی۔انہیں معلوم تھا کہ ان پر شبخون مارنے والے یہی مسلمان ہیں۔اب ایران کی فوج کو نئے احکام ملے تھے۔یہ احکام جاری کرنے والا عراقی صوبے کا حاکم ہرمز تھا۔چند ہی دن پہلے کا واقعہ تھا کہ خالد ؓکا ایلچی ہرمز کے دربار میں پہنچا۔یہ شہنشاہوں کا دربار تھا۔ہرمز کو جب اطلاع دی گئی تھی کہ مدینہ کے سالار خالدؓ کا ایلچی آیا ہے تو ہرمزنے چہرے پر نفرت اور رعونت کے آثارپیدا کر لئے تھے۔’’میں کسی مسلمان کی صورت نہیں دیکھنا چاہتا۔‘‘اس نے کہا تھا۔’’لیکن میں دیکھنا چاہتا ہوں کہ وہ کیوں آیا ہے؟‘‘ ’’زرتشت کی قسم!‘‘ایک درباری نے اٹھ کر ہرمز سے کہا۔’’خالد کا ایلچی کوئی پیغام لایا ہوگا۔ جو اس کی اپنی موت کا پیغام ثابت ہو گا۔‘‘’’لے آؤ اسے اندر!‘‘ہرمز نے کہا۔خالد ؓکا ایلچی دو محافظوں کے ساتھ بڑے تیز قدم اٹھاتا ہرمز کے دربار میں داخل ہوااور سیدھا ہرمز کی طرف گیا۔دو برچھی برداروں نے سامنے آ کر اسے روکا لیکن وہ دونوں کے درمیان سے گزر کر ہر مز کے سامنے جا کھڑا ہوا۔’’السلام و علیکم!‘‘ایلچی نے کہا۔’’ہرمز آتش پرست کو خالد بن ولید سالارِ مدینہ کا سلام پہنچے جن کا ایک پیغام لایا ہوں۔‘‘’’ہم اس سالار کاسلام قبول نہیں کریں گے جس کے ایلچی میں اتنی بھی تمیز نہیں کہ ہمارے جاہ وجلال کو پہچان سکے۔‘‘ہرمز نے حقارت سے کہا۔’’کیا مدینہ میں جنگلی اور گنوار آباد ہیں ؟کیا تمہیں نہیں بتایا گیا کہ تم ایک شاہی دربار میں جا رہے ہو،تمہیں دربار کے آداب نہیں سکھائے گئے؟‘‘ ’’مسلمان صرف اﷲ کے دربار کے آداب سے آگاہ ہوتا ہے۔‘‘ایلچی نے جرات سے سر کچھ اور اونچا کر کے کہا۔’’اس انسان کواسلام کوئی حیثیت نہیں دیتا جو اﷲ کے بندوں پر اپنے دربار کا رعب گانٹھتا ہے۔میں تمہارا درباری نہیں،اس سالار کا ایلچی ہوں جسے اﷲ کے رسولﷺ نے اﷲ کی تلوار کہا ہے۔‘‘’’ہرمز کے سامنے وہ تلوار کند ہو جائے گی۔‘‘ ہرمز نے فرعونوں کے سے لہجے میں کہا اور ہاتھ بڑھا کرتحکمانہ لہجے میں بولا۔’’لاؤ تمہارے اﷲ کی تلوار نے کیا پیغام بھیجا ہے؟‘‘ایلچی نے پیغام اس کے ہاتھ میں دے دیا ،جو وہ اس طرح پڑھنے لگا جیسے ازراہِ مذاق اس نے ایک کاغذ ہاتھ میں لے لیا ہو۔پیغام پڑھ کر اس نے اسے مٹھی میں اس طرح چُڑ مُڑ کردیا جیسے یہ ایک ردّی کا ٹکڑا ہو،جسے وہ پھینک دے گا۔’’کیا کیڑے مکوڑے یہ خواب دیکھ رہے ہیں کہ وہ ایک چٹان سے ٹکر لے سکیں گے؟‘‘ہرمزنے کہا۔’’کیا مدینہ والوں کو کسی نے نہیں بتایا کہ ہرقل بھی اس چٹان سے ٹکرا کر اپنا سر پھوڑ چکا ہے؟کیا ہم تمہیں اپنی فوج کی ایک جھلک دِکھائیں تاکہ تم اپنے سالار کو اور اپنے بوڑھے خلیفہ کو بتا سکو کہ عراق کی سرحد کی طرف دیکھنے کی بھی جرات نہ کریں؟‘‘’’مجھے سالارِ اعلیٰ نے صرف یہ حکم دیا تھا کہ یہ پیغام ہرمز تک پہنچا کر اس کا جواب لاؤں۔‘‘ایلچی نے کہا۔’’میں تمہاری کسی بات کا جواب نہیں دے سکتا کیونکہ مجھے ایسا کوئی حکم نہیں ملا۔‘‘
’’تم جیسے ایلچی کے ساتھ ہم یہ سلوک کرتے ہیں کہ اسے قید خانے میں پھینک دیتے ہیں۔‘‘ہرمز نے کہا۔’’اگر ہم رحم کریں تو اسے قید خانے کی اذیت سے بچانے کیلئے جلاد کے حوالے کر دیتے ہیں۔‘‘’’میری جان میرے اﷲ کے ہاتھ میں ہے۔‘‘ایلچی نے پہلے سے زیادہ جرات سے کہا۔’’اگر تم مسلمان ہوتے تو تمہیں علم ہوتا کہ مہمان کے ساتھ کیا سلوک کیا جاتا ہے۔لیکن اﷲ کے منکر اور آگ کے پجاری سے اس سے بہتر سلوک کی توقع نہیں کی جا سکتی۔مجھے جلاد کے حوالے کر دو لیکن یہ سوچ لو کہ مسلمان میرے اور میرے محافظوں کے خون کے ایک ایک قطرے کا انتقام لیں گے۔‘‘ہرمز بدک کر سیدھا ہو بیٹھا۔غصے سے اس کی آنکھیں لال سرخ ہو گئیں۔ویسی ہی سرخی اس کے چہرے پر بھی آگئی۔جیسے کہ وہ خالدؓ کے اس ایلچی کو کچا چبا جائے گا۔’’نکال دو اسے ہمارے دربار سے۔‘‘ہرمز نے گرج کر کہا- چار پانچ درباری جن کے ہاتھوں میں برچھیاں تھیں،تیزی سے آگے بڑھے، ایلچی کے دونوں محافظوں نے تلواریں نکال لیں، پہلے وہ دونوں ایلچی کے پیچھے کھڑے تھے، اب وہ ایلچی کے پہلوؤں میں اس طرح کھڑے ہو گئے کہ ان کی پیٹھیں ایلچی کی طرف تھیں۔ ’’ہرمز!‘‘ ایلچی نے بارعب آوازمیں کہا۔’’جنگجو میدانِ جنگ میں لڑا کرتے ہیں، اپنی طاقت کا گھمنڈ اپنے دربار میں نہ دِکھا،مجھے اپنے سالار کے پیغام کا جواب مل گیا ہے،۔تجھے ہماری کوئی شرط قبول نہیں……کیا یہی ہے تیرا جواب؟‘‘’’نکل جاؤ اس دربار سے۔‘‘ہر مز نے غصے سے کانپتی ہوئی بلند آواز سے کہا۔’’اپنے سالار سے کہنا کہ میری طاقت کو میدانِ جنگ میں آزمالے۔‘‘ہرمز کے برچھی بردار درباری اس کے اشارے پر رک گئے تھے۔ ایلچی کے محافظوں نے تلواریں نیاموں میں ڈال لیں۔ایلچی پیچھے کومڑا اور تیز قدم دربار سے نکل گیا۔دونوں محافظ اس کے پیچھے پیچھے جا رہے تھے۔ہرمز نے مٹھی کھولی، جس میں خالد کا پیغام چڑ مڑ کیا ہوا تھا۔ چونکہ یہ پیغام باریک کھال پر لکھا ہوا تھا اس لیے یہ مٹھی کھولتے ہی سیدھا ہو گیا۔ ہرمز نے یہ پیغام فارس کے شہنشاہ اُردشیر کی طرف اس اطلاع کے ساتھ بھیج دیا کہ وہ مسلمانوں سے مقابلے کیلئے فوری طور پر سرحد کی طرف کوچ کر رہا ہے اور وہ مسلمانوں کو سرحد سے دور ہی ختم کر دے گا۔’’ہرمز کا اقبال بلند ہو۔‘‘اس کے ایک درباری نے کہا۔’’جس دشمن کو آپ سرحد سے دور ہی ختم کرنا چاہتے ہیں وہ پہلے ہی سرحد کے اندر موجود ہے۔‘‘ہرمز نے سوالیہ نگاہوں سے اس کی طرف دیکھا۔’’یہ وہ عربی مسلمان ہیں۔‘‘اس درباری نے کہا۔’’جو دجلہ اور فرات کے اس علاقے میں آباد ہیں جہاں یہ دونوں دریا ملتے ہیں ۔یہ علاقہ ابلہ تک چلا جاتا ہے۔انہوں نے کبھی کی سلطنتِ ایران کے خلاف جنگ شروع کر رکھی ہے۔مدینہ والوں نے ہم پر حملہ کیا تو یہ مسلمان ان سے مل جائیں گے۔‘‘’’میں ایک عرض کرنے کی جرات کرتا ہوں۔‘‘ایک فوجی مشیر نے کہا۔’’کئی دنوں سے اطلاعیں مل رہی ہیں کہ مسلمان جو لڑنے کے قابل ہیں یعنی جوان ہیں ۔وہ اپنی بستیوں سے غائب ہوتے جا رہے ہیں ۔
وہ یقینا مثنیٰ بن حارثہ تک پہنچ رہے ہیں،اس میں کوئی شک نہیں کہ وہ فوج کی صورت میں منظم ہو رہے ہیں۔‘‘’’کیا تم نے فرار کا یہ سلسلہ روکنے کیلئے کوئی کارروائی کی ہے؟‘‘ہرمز نے پوچھا۔’’فوجی دستے باقاعدہ نگرانی کر رہے ہیں۔‘‘فوجی مشیر نے جواب دیا۔’’اس کے باوجود مسلمان غائب ہو رہے ہیں……?‘‘ہرمز نے غصے اور طنز سے کہا۔’’سرحدی چوکیوں کو ابھی حکم بھیجو کہ مسلمانوں کی بستیوں پر چھاپے مارتے رہیں۔ہر بستی کی تمام آبادی کو باہر نکال کر دیکھیں کہ کتنے آدمی غائب ہیں اور وہ کب سے غائب ہیں ؟جس گھر کا آدمی غائب ہو اس گھر کو آگ لگا دو۔کوئی مسلمان سرحد کی طرف جاتا نظر آئے تو اسے پکڑ کر قتل کر دو یا دور سے اس پر تیر چلا دو۔‘‘اس علاقے میں مسلمانوں کی ایک بستی تھی جو سرحد کے بالکل قریب تھی۔ایرانی فوج کی تھوڑی سی نفری نے اس بستی میں جا کر اعلان کیا کہ بچے سے بوڑھے تک باہر نکل آئیں۔سپاہیوں نے گھروں میں گھس گھس کر لوگوں کو باہر نکالنا شروع کر دیا۔عورتوں کو الگ اور مردوں کو الگ کھڑا کر دیا گیا۔سپاہیوں کا انداز بڑا ہی ظالمانہ تھا۔وہ گالیوں کی زبان میں بات کرتے اور ہر کسی کودھکے دے دے کر اِدھر سے اُدھر کرتے۔انہوں سے اعلان کیا کہ اُن آدمیوں کے نام بتائے جائیں اور ان کے گھر دِکھائے جائیں جو بستی میں نہیں ہیں۔تمام آبادی خاموش رہی۔’’جواب دو۔‘‘ایرانی کمانڈر نے غصے سے چلاتے ہوئے کہا۔اسے کوئی جواب نہ ملا۔کمانڈر نے آگے بڑھ کر ایک بوڑھے آدمی کو گریبان سے پکڑ کر اپنی طرف گھسیٹا اور اس سے پوچھا کہ اس ہجوم میں کون کون نہیں ہے؟’’ مجھے معلوم نہیں۔‘‘بوڑھے نے جواب دیا۔ کمانڈر نے نیام سے تلوار نکال کر بوڑھے کے پیٹ میں گھونپ دی اور تلوار زور سے باہر کو کھینچی۔بوڑھا دونوں ہاتھ پیٹ پر رکھ کر گر پڑا۔کمانڈر پھر ایک بار لوگوں کی طرف متوجہ ہوا۔اچانک ایک طرف سے آٹھ دس گھوڑے سرپٹ دوڑتے آئے۔ان کے سواروں کے ہاتھوں میں برچھیاں تھیں ۔ایرانی فوجی دیکھنے بھی نہ پائے تھے کہ یہ کون ہیں۔ان میں سے کئی ایک کے جسموں میں برچھیاں اتر چکی تھیں اور گھوڑے جس طرح آئے تھے اسی طرح سرپٹ دوڑتے بستی سے نکل گئے۔ایرانی فوجیوں کی تعداد چالیس پچاس تھی، ان میں بھگدڑ مچ گئی ۔ان میں سے آٹھ دس زمین پر پڑے تڑپ رہے تھے۔گھوڑوں کے قدموں کی دھمک سنائی دے رہی تھی جو دور ہٹتی گئی اور اب پھر قریب آنے لگی تھی۔اب فوجیوں نے بھی برچھیاں اور تلواریں تان لیں اور اس طرف دیکھنے لگے جدھر سے گھوڑوں کی آوازیں آ رہی تھیں ۔پیچھے سے بستی کی آبادی ان کے اوپر ٹوٹ پڑی۔ان سپاہیوں میں سے وہی زندہ رہے جو کسی طرف بھاگ نکلے تھے۔جب سوار بستی میں پہنچے تو انہیں گھوڑے روکنے پڑے کیونکہ ان کی راہ میں بستی کے لوگ حائل تھے ۔جو ایرانی فوجیوں کا کشت و خون کر رہے تھے۔اس سے پہلے مسلمانوں نے یوں کھلے بندوں ایرانی فوج پر حملے کرنے کی جرات کبھی نہیں کی تھی ۔
ایک ایرانی سپاہی پر ہاتھ اٹھانے کی سزا یہ تھی کہ ہاتھ اٹھانے والے کے پورے خاندان کو ختم کر دیا جاتا تھا۔اب یہاں کے مسلمان اس لئے دلیر ہو گئے تھے کہ اُنہیں اطلاع مل چکی تھی کہ مدینہ کی فوج آ گئی ہے۔جن سواروں نے ایرانیوں پر حملہ کیا تھا وہ کچھ اس بستی کے رہنے والے جوان تھے، کچھ دوسری بستیوں کے تھے۔یہ محض اتفاق تھا کہ وہ مثنیٰ بن حارثہ کی طرف جاتے ہوئے اس بستی کے قریب سے گزر رہے تھے۔انہوں نے اس بستی کی آبادی کو باہر کھڑے دیکھا اور ایرانی فوجیوں کو بھی دیکھا۔وہ چھپ کر آگے نکل سکتے تھے لیکن ایرانی کمانڈر نے بوڑھے کے پیٹ میں تلوار گھونپی تو سب نے آپس میں صلاح و مشورے کئے بغیر گھوڑوں کے رُخ اس طرف کر لئے ۔ایرانی فوجیوں نے تو انہیں جاتے ہوئے دیکھا ہی نہیں تھا۔یہ اﷲ کی مدد تھی جو اس مظلوم بستی کو بر وقت مل گئی۔یہ بستی تو خوش قسمت تھی کہ اسے مدد مل گئی اور ایرانیوں کی بھیانک سزا سے بچ گئی۔مسلمانوں کی دوسری بستیوں پر تو جیسے قیامت ٹوٹ پڑی تھی ۔ہر بستی کے ہر گھر کی تلاشی ہر رہی تھی۔یہ دیکھا جا رہا تھا کہ کتنے آدمی غائب ہو چکے تھے ۔ہر بستی میں ایرانی کئی آدمیوں کو قتل کررہے تھے۔بعض مکانوں کو انہوں نے نذرِ آتش بھی کر دیا۔ تین چار روز یہ سلسلہ چلا۔اس کے بعد ایرانی فوج کو بستیوں کی طرف توجہ دینے کی مہلت نہ ملی۔ہرمز اپنی فوج لے کر آگیا۔سرحدی فوج کو بھی اس نے اپنے ساتھ لے لیا اور سرحد سے نکل گیا۔اس کا ارادہ یہ تھاکہ خالدؓ کو وہ سرحد سے دور روک لے گا۔ہرمز کی پیش قدمی بہت تیز تھی۔مارچ ۶۳۳ء کاتیسرا ہفتہ تھا جب خالدؓ نے یمامہ سے دس ہزار فوج لے کر کوچ کیا تھا ۔یہ محرم ۱۲ ھ کا مہینہ تھا۔ان کی پیش قدمی بھی بہت تیز تھی۔ہرمز اپنی فوج کے ساتھ اپنی سرحد سے بہت دور کاظمہ کے مقام پر پہنچ گیا اور فوج کو وہیں خیمہ زن کر دیا۔یہ مقام یمامہ اور اُبلہ کے راستے میں پڑتا تھا۔ہرمز کو معلوم نہیں تھا کہ اس کی پیش قدمی کو دیکھنے والے موجود ہیں۔خالدؓ ابھی کاظمہ سے دور تھے کہ انہیں عراق کی سمت سے آتے ہوئے دو شتر سوار ملے۔انہوں نے خالدؓ کو بتایا کہ زرتشتوں کی فوج کاظمہ میں خیمہ زن ہے۔خالدؓ نے وہیں سے رستہ بدل دیا۔یہ شتر سوار مثنیٰ کے بھیجے ہوئے تھے۔انہوں نے خالد ؓکو یہ بھی بتایا کہ وہ حفیر کے مقام تک اس طرح پہنچ جائے کہ زرتشتوں کی فوج کے ساتھ اس کی ٹکر نہ ہو۔شتر سواروں نے خالد ؓکو ایک خوشخبری یہ سنائی کہ ان کیلئے آٹھ ہزار نفری کی فوج تیار ہے۔یہ فوج اس طرح تیار ہوئی تھی کہ مثنیٰ بن حارثہ ،مذعور بن عدی ،ہرملہ اور سُلمہ نے دو دو ہزار لڑنے والے جوان اکھٹے کر لئے تھے ۔اس طرح خالدؓ کی فوج کی تعداد اٹھارہ ہزار ہوگئی۔خالدؓ نے اپنی پیش قدمی کا راستہ اس طرح بدل دیا کہ کاظمہ کے دورسے گزر کر حفیر تک پہنچ سکیں ،لیکن ہرمز کے جاسوس بھی صحرا میں موجود تھے۔یہ تحریر آپ کے لئے آئی ٹی درسگاہ کمیونٹی کی جانب سے پیش کی جارہی ہے
انہوں نے خالدؓ کے لشکر کو دور کے راستے سے جاتے دیکھ لیا۔آگے وہ راستہ تھا جو حفیر سے نبّاج کی طرف جاتا تھا۔ہرمز نے اپنی فوج کو خیمے اکھاڑنے اور بہت تھوڑے وقت میں حفیر کی جانب کوچ کرنے کا حکم دیا۔حفیر کے اردگرد پانی کے کنوئیں موجود تھے۔ہرمز نے وہاں خالدؓ سے پہلے پہنچ کر خیمے گاڑدیئے۔اس طرح پانی ایرانیوں کے قبضے میں چلا گیا۔خالدؓ ابھی حفیر سے کچھ دور تھے کہ ایک بار پھردونوں شتر سوار ان کے راستے میں آگئے،اور خالدؓ کو اطلاع دی کے دشمن حفیر کے مقام پرپانی کے کنوئیں پر قابض ہو چکا ہے۔خالدؓ نے کچھ اور آگے جا کر ایسی جگہ پڑاؤ کا حکم دے دیا جہاں دور دور تک پانی کی ایک بوند نہیں مل سکتی تھی۔فوج نے وہاں پڑاؤ تو ڈال دیا لیکن خالد ؓکو بتایا گیا کہ فوج میں بے اطمینانی پائی جاتی ہے کہ پڑاؤ ایسی جگہ کیا گیا ہے جہاں دور دور تک پانی کا نام و نشان نہیں۔’’میں نے کچھ سوچ کر یہاں پڑاؤ کیا ہے۔‘‘خالدؓ نے کہا۔’’تمام لشکر سے کہو کہ اگر دشمن پانی پر قابض ہے تو پریشان نہ ہوں۔ہماری پہلی لڑائی پانی کیلئے ہو گی۔پانی اسی کو ملے گا جو جان کی بازی لگا کر لڑے گا،تم نے دشمن کو پانی سے محروم کردیا تو سمجھو تم نے جنگ جیت لی۔‘‘سالارِ اعلیٰ کایہ پیغام سارے لشکر کو سنا دیا گیااور سب ایک خونریز جنگ لڑنے کیلئے تیار ہو گئے۔اب لشکر کی نفری اٹھارہ ہزار ہو گئی تھی۔مثنیٰ بن حارثہ ،مذعور بن عدی ،ہرملہ اور سُلمہ دودوہزار آدمی ساتھ لئے خالدؓ سے آملے تھے۔خالد ؓنے جو ایلچی ہرمز کے پاس بھیجا تھا ،وہ بھی اسی پڑاؤ میں خالدؓ کے پاس آیا اور بتایا کہ ہرمز نے اس کے ساتھ کیسا توہین آمیز سلوک کیا ہے۔’’اس کی ایک لاکھ درہم کی ٹوپی نے اس کا دماغ خراب کر رکھاہے۔‘‘مثنیٰ بن حارثہ نے جو پاس ہی بیٹھا ہوا تھا،کہا۔’’خدا یہ نہیں دیکھتا کہ کسی انسان کے سر پر کیا رکھا ہے ۔خدا تو دیکھتا ہے کہ اس کے سر کے اندر کیا ہے۔اس کے عزائم کیا اور اس کی نیت کیا ہے اور وہ سوچتا کیا ہے؟‘‘ ’’ایک لاکھ درہم کی ٹوپی؟‘‘خالدؓ نے حیران ہو کرپوچھا۔’’کیا ہرمز اتنی قیمتی ٹوپی پہنتا ہے؟‘‘’’فارس کی شہنشاہی کا ایک دستور ہے۔‘‘مثنیٰ بن حارثہ نے جواب دیا۔’’ان کے ہاں حسب و نسب اور حیثیت کو دیکھ کر اس کے مطابق ٹوپی پہنائی جاتی ہے جو ان کے شہنشاہ کی طرف سے عطا ہوتی ہے۔زیادہ قیمتی ٹوپی صرف وہ افراد پہنتے ہیں جو اعلیٰ حسب و نسب کے ہوں اور جنہوں نے رعایا میں بھی اور شاہی دربار میں بھی توقیر اوروجاہت حاصل کر رکھی ہو۔اس وقت ہرمز سب سے زیادہ قیمتی ٹوپی پہنتا ہے ۔کوئی اور ایک لاکھ درہم کی ٹوپی نہیں پہن سکتا۔اس ٹوپی میں بیش قیمت ہیرے لگے ہوئے ہیں اور اس کی کلغی بھی بہت قیمتی ہے۔‘‘
’’فرعونوں نے اپنے سروں پر خدائی ٹوپیاں سجا لی تھیں۔‘‘خالدؓ نے کہا۔’’کہاں ہیں وہ ؟کہاں ہیں ان کی ٹوپیاں؟مجھے کسی کی بیش قیمت ٹوپی مرعوب نہیں کر سکتی، نہ کسی کی ٹوپی تلوار کے وار کو روک سکتی ہے۔مجھے یہ بتاؤکہ آتش پرستوں کی فوج لڑنے میں کیسی ہے اور میدانِ جنگ میں کتنی تیزی سے نقل و حرکت کرتی ہے؟‘‘’’فارس کے سپاہی کی زِرہ اور ہتھیار دیکھ کر خوف سا آتا ہے۔‘‘مثنیٰ بن حارثہ نے خالد ؓکو بتایا۔’’سرپر لوہے کی زنجیروں کی خود،بازوؤں پر کسی اور دھات کے خول اور ٹانگیں آگے کی طرف سے موٹے چمڑے یا دھات سے محفوظ کی ہوئیں ،ہتھیار اتنے کہ ہر سپاہی کے پاس ایک برچھی ایک تلوار ،ایک وزنی گُرز ،ایک کمان اورایک ترکش ہوتی ہے جس میں ہر سپاہی تیس تیر رکھتا ہے۔‘‘’’اورلڑنے میں کیسے ہیں؟‘‘’’جرات اور عقل سے لڑتے ہیں۔‘‘مثنیٰ بن حارثہ نے جواب دیا۔’’ان کی دلیری مشہور ہے۔‘‘ ’’مثنیٰ!‘‘خالد ؓنے کہا۔’’کیا تم نے محسوس نہیں کیاکہ آتش پرستوں کے سپاہی کتنے کمزور ہیں اور ان کی جرات کی حد کیا ہے؟……ان کی جرات کی حد آہنی خود اور بازوؤں اور ٹانگوں پر چڑھائے ہوئے خولوں تک ہے۔وہ نہیں جانتے کہ جذبہ لوہے کو کاٹ دیا کرتا ہے۔لوہے کی تلوار اور برچھی کی انّی جذبے کو نہیں کاٹ سکتی۔زِرہ اور دھات یاچمڑے کے خول حفاظت کے جھوٹے ذریعے ہیں۔ایک خول کٹ گیا تو سپاہی اپنے آپ کو غیر محفوظ سمجھنے لگتا ہے۔پھر اس میں اتنی سی جرات رہ جاتی ہے کہ وہ اپنے آپ کو بچانے کی اوربھاگنے کی کوشش کرتا ہے۔ اﷲ کے سپاہی کی زِرہ اس کا عقیدہ اور ایمان ہے ……میں تمہیں فارسیوں کی ایک اور کمزوری دِکھاؤں……؟ــ‘‘خالدؓ نے قاصد سے کہا۔’’سالاروں اور کمانداروں کو فوراً بلاؤ۔‘‘ ’’فوری طور پر کاظمہ کی طرف کوچ کرو۔‘‘خالد ؓنے حکم دیا۔’’اور کوچ بہت تیز ہو۔‘‘ہرمز حفیرہ کے علاقے میں پڑاؤ کیے ہوئے تھا۔وہ کاظمہ سے اپنی فوج کو یہاں لایا تھا۔کیونکہ خالدؓ کا لشکر حفیرہ کی طرف آ گیا تھا۔اب یہ لشکر پھر کاظمہ کی طرف جا رہا تھا۔دونوں فوجوں کے چند ایک گھوڑ سوار ایک دوسرے کی خیمہ گاہ کو دیکھتے رہتے تھے ۔ہرمز کو اطلاع ملی کہ مسلمانوں کا لشکر کاظمہ کی طرف کوچ کر گیا ہے توہرمز نے اپنی فوج کو کاظمہ کی طرف کوچ کرنے کا حکم دے دیا۔ہرمز کو اُبلہ کی بہت فکر تھی۔یہ ایرانیوں کی بادشاہی کا بہت اہم شہر تھا۔یہ تجارتی مرکز تھا۔ہندوستان کو تاجروں کے قافلے یہیں سے جایا کرتے تھے،اور ہندوستان خصوصاًسندھ کا مال اسی مقام پر آیا کرتا تھا۔یہ ایران کا فوجی مرکز بھی تھا۔اس علاقے کے رہنے والے مسلمانوں کو دبائے رکھنے کیلئے اُبلہ میں فوج رکھی گئی تھی۔ہرمز کی کوشش یہ تھی کہ مسلمانوں کا لشکر اُبلہ تک نہ پہنچ سکے۔
ہرمزکو ابلہ پہلے سے زیادہ خطرے میں نظر آنے لگا کیونکہ مسلمان اُبلہ کے جنوب میں کاظمہ کی طرف جا رہے تھے۔مسلمانوں کیلئے کوچ اتنا مشکل نہ تھا۔جتنا ایرانیوں کیلئے دشوار تھا۔مسلمانوں کے پاس اونٹ اور گھوڑے خاصے زیادہ تھے۔سپاہی ہلکے پھلکے تھے۔وہ آسانی سے تیز چل سکتے تھے،ان کے مقابلے میں ایرانی سپاہی زِرہ اور ہتھیاروں سے لدے ہوئے تھے اس لئے وہ تیز چل نہیں سکتے تھے۔ایک دو دن پہلے ہی وہ کاظمہ سے حفیرہ آئے تھے۔اس کوچ کی تھکن ابھی باقی تھی کہ انہیں ایک بار پھر کوچ کرنا پڑا اور وہ بھی بہت تیز تاکہ مسلمانوں سے پہلے کاظمہ کے علاقے میں پہنچ جائیں ۔اس کوچ نے راستے میں ہی انہیں تھکا دیا۔ہرمز کی فوج جب کاظمہ میں مسلمانوں کے بالمقابل پہنچی تونڈھال ہو چکی تھی۔مسلمان سپاہی صحرائی لڑائیوں اور صحرا میں نقل و حرکت کے عادی تھے۔خالد ؓنے ہرمز کو یہ تاثر دینے کیلئے کہ وہ اپنے لشکر کوآرام نہیں کرنے دے گا۔لشکر کو تین حصوں میں تقسیم کردیا۔خود قلب میں رہے۔دائیں اور بائیں پہلوؤں کی کمان عاصم بن عمرو اور عدی بن حاتم کے پاس تھی۔عاصم بن عمرو، قعقاع بن عمرو کے بھائی تھے اور عدی بن حاتم قبیلہ طے کے سردار تھے جو دراز قد مضبوط جسم والے بڑے بہادر جنگجو تھے۔خالدؓ کو اپنی فوج کو لڑائی کی ترتیب میں کرتے دیکھ کر ہرمز نے بھی اپنی فوج کو تین حصوں میں تقسیم کر دیا۔قلب میں وہ خود رہا اور دونوں پہلوؤں کی کمان شاہی خاندان کے د و افراد قباذ اور انوشجان کو دی۔ہرمز دیکھ رہا تھا کہ اس کی فوج پسینے میں نہا رہی ہے۔اور سپاہیوں کی سانسیں پھولی ہوئی ہیں۔انہیں آرام کی ضرورت تھی لیکن مسلمان جنگی ترتیب میں آ چکے تھے۔ہرمز نے اپنی فوج کی ترتیب ایسی رکھی کہ کاظمہ شہر اس کی فوج کے پیچھے آ گیا۔ان کے سامنے ریگستانی میدان تھا اور ایک طرف بے آب و گیاہ ٹیلہ نما پہاڑیوں کا سلسلہ تھا۔ خالدؓ نے اپنی فوج کو اس طرح آگے بڑھایا کہ یہ پہاڑی سلسلہ اُن کی پشت کی طرف ہو گیا۔اپریل ۶۳۳ء کے پہلے ہفتے کا ایک دن تھا جب مسلمان پہلی بار آتش پرست ایرانیوں کے مقابل آئے۔ ’’اگر خالدؓ بن ولید مارا جائے تو یہ معرکہ بغیر لڑے ختم ہو سکتا ہے۔‘‘ہر مز کے ایک سالار نے اسے کہا۔’’مسلمان جو اتنی دور سے آئے ہیں،اپنے سالار کی موت کے بعد ہمارے مقابلے میں نہیں ٹھہر سکیں گے۔‘‘ ’’فوج سے کہو زنجیریں باندھ لیں۔‘‘ہرمز نے سالار سے کہا۔’’میں ان کے سالار کا بندوبست کرتا ہوں۔سب سے پہلے یہی مرے گا۔‘‘اس نے سالار کو بھیج کر اپنے محافظوں کو بلایا اور انہیں کچھ بتایا۔
زنجیریں باندہ لینے کا مطلب یہ تھا کہ ایرانی فوج کے سپاہی اپنے آپ کو اس طرح زنجیروں سے باندھ لیتے تھے کہ پانچ سے دس سپاہی ایک لمبی زنجیر میں بندھ جاتے تھے۔ان کے درمیان اتنا فاصلہ ہوتا تھا کہ وہ آسانی سے لڑ سکتے تھے۔زنجیریں باندھ کر لڑنے سے ایک فائدہ یہ ہوتا تھا کہ کوئی سپاہی بھاگ نہیں سکتا تھا۔ دوسرا فائدہ یہ کہ ان کے دشمن کے گھوڑ سوار جب ان پر ہلہ بولتے تھے تو سپاہی زنجیریں سیدھی کر دیتے۔زنجیریں گھوڑوں کی ٹانگوں کے آگے آ جاتیں اور گھوڑے گر پڑتے تھے۔لیکن زنجیروں کا بہت بڑا نقصان یہ تھا کہ ایک زنجیر میں سے بندھے ہوئے سپاہیوں میں سے ایک دو زخمی یا ہلاک ہو جاتے تو باقی بے بس ہو جاتے اور دشمن کا آسان شکار بنتے تھے۔اس جنگ کو جو ہرمز اور خالدؓ کے درمیان لڑی گئی،جنگِ سلاسل یعنی زنجیروں کی جنگ کہتے ہیں۔مسلمانوں نے جب یہ دیکھا کہ ایرانی اپنے آپ کو زنجیروں سے باندھ رہے ہیں تو وہ حیران ہونے لگے۔کسی نے بلند آواز سے کہا۔’’وہ دیکھو!فارسی اپنے آپ کو ہمارے لیے باندھ رہے ہیں۔‘‘’’فتح ہماری ہے۔‘‘خالدؓ نے بلند ٓواز سے کہا۔’’اﷲ نے ان کے دماغوں پر مہر لگا دی ہے۔‘‘خالدؓ نے کچھ سوچ کر کاظمہ سے حفیر اور حفیر سے کاظمہ کو کوچ کیا تھا۔وہ فائدہ انہیں نظر آ گیا تھا۔ہرمزکی و ہ فوج جو زِرہ اور ہتھیاروں سے لدی ہوئی تھی ،لڑائی شروع ہونے سے پہلے ہی تھک گئی تھی۔خالدؓ نے ایرانیوں کو آرام کی مہلت ہی نہیں دی تھی۔اب ایرانیوں نے اپنے آپ کو زنجیروں میں باندھ لیا تھا ۔خالدؓنے سوچ لیا کہ و ہ کیا چال چلیں گے،اور ایرانیوں کو کس طرح لڑائیں گے۔ہرمز نے اپنے گھوڑے کو ایڑھ لگائی اور دونوں فوجوں کے درمیان ایسی جگہ آ کر رک گیا جہاں زمیں کٹی پھٹی اورکہیں کہیں ٹیلے تھے۔اس کے محافظ اس سے کچھ دور آکر رک گئے۔’’کہاں ہے خالد!‘‘ہرمز نے للکار کر کہا۔’’آ!پہلے میرا اور تیرا مقابلہ ہو جائے۔‘‘یہ اس زمانے کا دستور تھا کہ جنگ شروع کرنے سے پہلے دونوں فوجوں کے سالار ذاتی مقابلوں کیلئے ایک دوسرے کو للکارتے تھے۔دونوں فوجوں کے آدمی انفرادی طور پر آگے جا کر تلواروں سے بھی لڑتے تھے اور کشتی بھی کرتے تھے ۔نتیجہ دونوں میں سے ایک کی موت ہوتا تھا۔جنگِ سلاسل میں ہرمز نے خود آگے آ کر خالدؓ کو انفرادی مقابلے کیلئے للکارا۔ہرمز مانا ہوا جنگجو اور بہادر آدمی تھا۔تیغ زنی کی مہارت کے علاوہ اس کے جسم میں بہت طاقت تھی۔خالدؓ کی عمر اڑتالیس سال ہو چکی تھی۔وہ جنگی چالوں کے ماہر تھے ۔ان کے جسم میں اچھی خاصی طاقت تھی لیکن ہرمز زیادہ طاقتور تھا۔اس کی للکار پر خالدؓ نے گھوڑے کو ایڑھ لگائی اور ہرمز کے سامنے جا رکے۔
ہرمز گھوڑے سے اترا اور خالدؓ کو گھوڑے سے اترنے کا اشارہ کیا۔دونوں نے تلواریں نکال لیں۔دونوں نے ایک دوسرے پر بڑھ بڑھ کر وار کیے۔پینترے بدلے ،گھوم گھوم کر ایک دوسرے پر آئے مگر تلواریں آپس میں ہی ٹکراتی رہیں۔پھر خالدؓ کے ہاتھوں اور پینتروں میں پھرتی آگئی۔دونوں فوجیں شوروغل بپا کر رہی تھیں۔ہرمزمحسوس کرنے لگاتھا کہ وہ خالدؓ کی تلوار سے بچ نہیں سکے گا۔وہ تیزی سے پیچھے ہٹ گیا اور اس نے تلوارپھینک دی۔
’’تلواریں فیصلہ نہیں کر سکیں گی۔‘‘ہرمز نے کہا۔’’آخالد!ہتھیار کے بغیر آ،اور کشتی لڑ۔‘‘خالدؓ تلوار پھینک کر کشتی کیلئے آگے بڑھے اور دونوں گتھم گتھا ہو گئے۔کشتی میں ہرمزکا پلّہ بھاری نظر آتا تھا لیکن مورخ لکھتے ہیں کہ ہرمز کی چال کچھ اور تھی۔اس نے اپنے محافظوں کو پہلے ہی بتا رکھا تھاکہ جب وہ خالد ؓکو اتنی مضبوطی سے پکڑ لے کہ خالدؓ ہلنے کے قابل نہ رہیں تو محافظ دونوں کو اس طرح گھیرے میں لے لیں کہ ان کی نیت اور ارادے پر شک نہ ہو۔یعنی وہ تماشائی بنے رہیں اور ان میں سے ایک محافظ خنجر نکال کرخالد کاپیٹ چاک کر دے۔جنگجو اس طرح دھوکا نہیں دیا کرتے تھے لیکن ہرمز کمینگی کی وجہ سے مشہور تھا۔ہرمزکے محافظ آگے بڑھ آئے اور اپنی فوج کی طرح نعرے لگاتے نرغے کی ترتیب میں ہوتے گئے ۔وہ گھوڑوں پر سوار نہیں تھے ۔وہ گھیرا تنگ کرتے گئے حتیٰ کے دونوں کے قریب چلے گئے ۔خالدؓ کی توجہ بٹ گئی۔ہرمز نے پھرتی سے خالد ؓکے دونوں بازو اس طرح جکڑ لیے کہ اس کے بازو خالد ؓکی بغلوں میں تھے ۔محافظ اور قریب آ گئے۔ہرمز نے اپنی زبان میں محافظوں سے کچھ کہا۔خالدؓ ا س کی زبان تو نہ سمجھ سکے ،اشارہ سمجھ گئے۔انہوں نے خطرے کو بھانپ لیا اور جسم کی تمام تر طاقت صرف کرکے اتنی زور سے گھومے کے ہرمزکو بھی اپنے ساتھ گھمالیا۔پھر خالدؓ ایک جگہ کھڑے گھومتے رہے۔ہرمز کے پاؤں زمین سے اٹھ گئے۔خالدؓ نے ہرمز کے بازواپنی بغلوں میں جکڑ لیے تھے اور اپنے ہاتھ ہرمز کی بغلوں میں لے جاکر اسے گھماتے رہے۔اس طرح محافظوں کا دائرہ کھلتا گیااور ان میں سے کسی کو بھی آگے بڑھ کر خالد ؓپر وارکرنے کا موقع نہیں ملا۔لیکن خالدؓ کا یہ داؤ زیادہ دیر تک نہیں چل سکتا تھا۔وہ تھک چکے تھے۔
💟 *جاری ہے ۔ ۔ ۔* 💟